• news

پشاور: مسجد میں خود کش بمبار نے ٹی این ٹی دھماکہ خیز امواد استعمال کیا ، ذرائع


پشاور (نوائے وقت رپورٹ ‘آئی این پی‘ نیٹ نیوز) پشاور دھماکے کی تفصیلات سامنے آگئیں۔ جس کے مطابق دھماکے میں ٹی این ٹی دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق بمبار نے مسجد کے پرانے حصے میں دھماکہ کیا۔ پرانے حصے میں کوئی   پلر مودجود نہ تھا اور دیواریں صرف اینٹوں کے سہارے کھڑی کی گئی تھیں۔  دیواریں اور چھت گرنے سے زیادہ تر شہادتیں ہوئیں۔ دوسری جانب خودکش بمبار اور نیٹ ورک کی تفصیلات بھی حاصل کر لی گئی ہیں جبکہ نیٹ ورک تک رسائی حاصل کی جا رہی ہے۔ دھماکے کی ذمہ داری کالعدم تحریک طالبان کے خراسانی گروپ نے قبول کی تھی۔ پشاور میں بغیر شناختی کارڈ اور اہم دستاویزات کے ہوٹلز اور سرائیوں میں قیام پر پابندی عائد کر دی گئی۔ پشاور پولیس لائنز دھماکے کے بعد ضلعی انتظامیہ نے اہم پابندیاں نافذ کر دیں۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق گنجان مقامات اور تجارتی مرکز کے پارکنگ ایریا کی انتظامیہ ہائی الرٹ رہے گی۔ گاڑیوں اور موٹرسائیکلز کی خصوصی نگرانی کی ہدایات کر دی گئیں۔ عارضی چیک پوسٹیں بھی قائم کی گئی ہیں۔ پولیس لائنز مسجد میں اسلحہ اور بلٹ پروف جیکٹ‘ ہیملٹ پہن کر داخل ہونے پر پابندی ہوگی۔ نمازی تلاشی کے بعد پولیس لائنز مسجد میں داخل ہوں گے۔ پشاور پولیس لائنز دھماکہ میں سہولت کاروں کی گرفتاری میں مدد دینے پر اشتہار جاری کر دیا گیا۔ سی ٹی ڈی خیبر پی کے نے کہا ہے کہ معلومات دینے والے کو ایک کروڑ روپے انعام دیا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن