نگران حکومت چادر‘ چار دیواری کا تقدس پامال کر رہی ہے: پرویز الٰہی
لاہور (خصوصی نامہ نگار) سابق وزیر اعلی چوہدری پرویز الہی سے ان کی لیگل ٹیم نے ملاقات کی۔ ملاقات کرنے والوں میں سینئر وکلا محسن مرتضی، خبیب زمان بلوچ، محمد وسیم سندھو، طیب عثمان، آصف حفیظ، راجہ بشارت سمیت ساجد بھٹی، باو رضوان، ڈاکٹر تنویر چوہدری، مقصود سلہریا، طارق باجوہ و ذوالفقار گھمن موجود تھے۔ ملاقات میں نگران حکومت کے غیر قانونی اقدامات پر مشاورت کی گئی۔ نگران حکومت کی جانب سے ترقیاتی پراجیکٹ رکوانے، سیکرٹری اسمبلی محمد خان بھٹی سمیت سیاسی مخالفین کی گرفتاریوں اور رہائش گاہ پر چھاپوں کی مذمت کی گئی۔ نگران حکومت کے غیر قانونی اور غیر آئینی اقدامات کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ پرویز الہی نے کہا کہ نگران حکومت چادر چار دیواری کا تقدس پامال کر رہی ہے۔ نگران سیٹ اپ انتخاب کو پس پشت ڈال کر انتقامی کارروائیوں میں مصروف ہے، حکومت کی انتقامی کارروائیوں کا عوام الیکشن میں بدلہ لیں گے، عوام ووٹ کی طاقت سے حکمرانوں کے غیر آئینی اورغیر قانونی اقدامات کا جواب دیں گے۔ نگران سیٹ اپ آئین اور قانون سے کھیل رہا ہے۔ انتخاب کے لئے بننے والی نگران حکومت انتخاب سے ہی راہ فرار اختیار کر رہی ہے۔ نگران سیٹ اپ جان لے، انتخابات کے سوا انکا کوئی مینڈنٹ نہیں، پنجاب اسمبلی چودہ جنوری کو تحلیل ہوئی تاحال گورنر تاریخ نہیں دے رہا۔