• news

 ڈیجیٹلائزڈ آن لائن خدمات کی فراہمی یقینی بنارہے ہیں : سی سی پی او


لاہور(نامہ نگار)سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ  نے کہا ہے کہ جرائم کی بیخ کنی اور مجرموں کی سرکوبی کیساتھ ساتھ شہریوں کیلئے پولیس سے متعلقہ ڈیجیٹلائزڈ آن لائن خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔شہریوں کو پولیس سے متعلقہ سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام تر دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔شہری اپنے علاقہ کے قریب ترین پولیس خدمت مراکز کے ذریعے کریکٹر سرٹیفکیٹ، پولیس ویری فیکیشن،ٹریفک لائسنز و دیگر سہولیات سے استفادہ کررہے ہیں۔سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے پولیس خدمت مراکز کی رواں سال اب تک کارکردگی رپورٹ سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس خدمت مراکز نے مجموعی طور پر 42ہزار 491 شہریوں کو پولیس خدمات فراہم کیں۔رواں سال کے دوران اب تک مجموعی طور پر11 ہزار 429 شہریوں کو کریکٹر اور ویریفکیشن سرٹیفکیٹس جاری کئے گئے۔ پولیس خدمت مرکز ڈی آئی جی آپریشنز آفس سے 9836، گلبرگ7747،اقبال ٹاؤن سے 4840،گریٹر اقبال پارک 2790، ٹاؤن ہال 2166، ارفع کریم ٹاور سے 5556، لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری 1774، بحریہ ٹاؤن خدمت مرکز سے 4131، لاہور ہائیکورٹ 1854 جبکہ پولیس موبائل خدمت مرکز سے 1025 کریکٹراور ویریفکیشن سرٹیفکیٹس شہریوں کو جاری کئے گئے۔جنرل ویریفکیشن کیلئے 06ہزار 690 شہریوں نے مختلف پولیس خدمت مراکزسے رجوع کیاجبکہ غیر ممالک سے موصول ہونے والی 192 درخواستوں پربھی کریکٹر سرٹیفکیٹ جاری کئے گئے۔ شہریوں کو نئے لرنر ڈرائیونگ پرمٹس،ریگولر ڈرائیونگ لائسنس، تجدید ڈرائیونگ لائسنس،انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنسز، گمشدگی رپورٹ، اندراج کرایہ داری سمیت دیگر سہولیا ت بھی فراہم کی گئیں۔
بیرون ممالک سے 192شہریوں کو کریکٹر سرٹیفکیٹ و جنرل ویریفیکشن کی آن لائن سہولیات فراہم کی گئیں۔شہریوں کو 653 نئے ڈرائیونگ لائسنس،9788نئے لرنر ڈرائیونگ پرمٹس،9208 اور 5801 ریگولر ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید نیز 662انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس جاری کئے گئے۔ 158گمشدگی رپورٹس،16کرائم رپورٹس جبکہ 509 شہریو ں کو ایف آئی آرز کی نقول فراہم کی گئیں۔سی سی پی او لاہور  نے کہاکہ اس وقت شہر بھر میں پولیس موبائل سمیت11 خدمت مراکز شہریوں کو خدمات فراہم کر رہے ہیں جہاں شہریوں کو ایک چھت تلے ویری فکیشن سرٹیفکیٹس، گمشدگی رپورٹ، تجدید ڈرائیونگ لائسنس سمیت 14اقسام کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔خدمت مراکز لبرٹی گلبرگ اور اقبال ٹاؤن شہریوں کو صبح آٹھ بجے تا رات آٹھ تک سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔ موبائل پولیس خدمت مرکز بھی روزانہ باقاعدگی سے شہر کے مختلف مقامات پر شہریوں کو سہولیات فراہم کر رہا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن