موٹر سائیکل چوری،سنیچنگ کے سد باب کیلئے موثر حکمت عملی اپنانے کا حکم
لاہور(نامہ نگار)ڈی آئی جی آپریشنز لاہور افضال احمد کوثرکی زیرصدارت اہم اجلاس منعقد ہوا۔ ایس ایس پی آپریشنزمحمد صہیب اشرف، ایس پی سکیورٹی کیپٹن(ر)دوست محمد، ایس پی اے آر ایف اور ڈویژنل ایس پیزاس موقع پر موجودتھے۔اجلاس میں ڈویژنز کی کارکردگی کا جائزہ لیاگیا۔ڈی آئی جی آپریشنز نے ایس پیز سے تھانوں کی ورکنگ بارے دریافت کیااورمسنگ گینگز ممبرز کی گرفتاری کیلئے انٹیلی جنس بیسڈکاروائیاں عمل میں لانے کی ہدایت کی۔ انہوںنے کہا کہ موٹر سائیکل چوری،سنیچنگ و رابری کے سد باب کیلئے موثر حکمت عملی اپنائی جائے۔ پٹرولنگ پلان میں ڈولفن اور پی آر یو کو شامل کریں اور گشت کا دائرہ کار بڑھائیں۔ انسدادِجرائم کیلئے متحرک گینگز کی سرکوبی ضروری ہے۔سٹریٹ کرائم کی وارداتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے نائٹ پٹرولنگ بڑھائی جائے۔ شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر سکیورٹی کے انتظامات سخت جبکہ ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے نتیجہ خیز انتظامات کئے جائیں۔ناکوں اور چیک پوسٹوں پر شہریوں کی سہولت کا خیال رکھیں۔ شہری دوران چیکنگ پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔ ہوٹل آئی اور کرائے داری رجسٹریشن ایکٹ پر خصوصی توجہ دیں۔ ڈولفن اور پی آر یو سے اضافی نفری تھانوں میں تعینات کی جائیگی۔ 3 تا5 بجے تک ایس ایچ اوز عوام الناس کی شنوائی کیلئے موجود رہیں۔