پولیس ملازمین کی ویلفیئر کیلئے 80کروڑ روپے جاری کر دیئے : غازی صلاح الدین
لاہور(نامہ نگار) پنجاب پولیس کی ویلفیئر برانچ رواں مالی سال میں پولیس ملازمین کی ویلفیئر کیلئے تعلیمی سکالرشپ، گذرا الاؤنس، جہیز فنڈ، آخری تنخواہ سمیت مختلف کیٹیگریز کی مد میں 80کروڑ روپے کی رقم جاری کر چکی ہے۔ ڈی آئی جی ویلفیئر غازی صلاح الدین نے کہاہے کہ پولیس شہداء کے ویلفیئر پیکج سے متعلقہ تمام زیر التواء اور زیر تکمیل کیسز پر کاروائی مکمل کرتے ہوئے فنڈز کے اجراء کی منظوری دیدی گئی ہے۔ جن شہداء کی فیملیز کو ابھی تک گھر نہیں ملے اس سلسلے میں تمام آر پی اوز، ڈی پی اوز اور یونٹ سربراہان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ایک ہفتے کے اندر گھر کی خرید کے حوالے سے تمام امور مکمل کرکے رپورٹ سنٹرل پولیس آفس بھجوائیں۔ شہداء کے بچوں کے تمام سکالرشپس سات فروری تک مکمل کرکے چیک جاری کردئیے گئے ہیں اور آئندہ شہداء کے بچوں کو تعلیمی سکالرشپ ان کے مقامی اضلاع میں ڈی پی او دفتر سے جاری ہوںگے اور اس کیلئے انہیں لاہور یا سنٹرل پولیس آفس نہیں آنا پڑیگا۔ مستقبل میں شہداء کے بچوں کو سکالرشپ تعلیمی سال کے دوران ہی دئیے جائیں گے اورا س سلسلے میں آرپی اوز، ڈی پی اوز کو فنڈز بھجوا ئے جارہے ہیں اور یکم مارچ تک پولیس ملازمین کے بچوں کے تعلیمی سکالرشپس کا ایسا کوئی کیس زیر التواء نہیں رہے گا جن پر وظائف جاری نہ ہو چکے ہوں۔ پولیس غازیوں کے مسائل کے ازالے کیلئے غازی پیکج میں خاطر خواہ اضافے کرتے ہوئے اسے از سر نو ترتیب دیا گیا ہے ۔
اور آئی جی پنجاب کی ہدایت پرگذشتہ دو روز کے دوران صوبہ بھر میں اپاہج یا مستقل معذوری سے بستر تک محدود غازیوں کے کیسز کی فہرست فائنل کرکے ویلفیئر مینجمنٹ کمیٹی میں پیش کردیا گیا ہے جوگزشتہ روز تک تمام کیسز کیلئے فنڈز کے اجراء کی منظوری دیدی گی۔ لگ بھگ 150 اپاہج اور مکمل معذور غازیوں کو سرجیکل بیڈز، الیکٹریکل چئیرز اور مصنوعی اعضاء فراہم کئے جا رہے ہیں جبکہ انہیں علاج معالجے کیلئے پاکستان کے علاوہ بیرون ملک بھجوانے کی سہولت بھی دی گئی ہے۔ حاضر سروس ملازمین کے بچوں کے سکالرشپس، جہیز فنڈز، الوداعی تنخواہ اور تجہیز و تکفین سے متعلقہ تمام کیسز پر دفتری کاتروائی مکمل کرتے ہوئے تمام کیسز مکمل ہو چکے ہیں، جن پر امدادی فنڈز اسی ہفتے متعلقہ ملازمین کو منتقل ہو جائیں گے اور آئندہ موصول ہونے والے تمام کیسز کو ایس او پیز کے مطابق 15روز کے اندر حل کیاجائیگا ۔