قیدیوں کو فنی تعلیم کے حصول پر سزاؤں میں چھوٹ دینے کی منظوری
لاہور(نامہ نگار)آئی جی جیل خانہ جات پنجاب ملک مبشر احمد خاں کی قیدیوں کی فلاح وبہبود کیلئے کی جانیوالی کوششیں رنگ لے آئیں ہیں۔حکومت پنجاب نے پنجاب کی جیلوں میں مقید قیدیوں کو فنی تعلیم کے حصول پر بھی سزاؤں میں چھوٹ دینے کی منظوری دیدی ہے۔فنی تعلیم میں مرد قیدیوں کیلئے موٹر سائیکل مکینک ، ویلڈنگ ، الیکٹریشن ، پلمبر ، کارپینٹر ، ٹریکٹر مکینک اور خواتین قیدیوں کیلئے دستی کڑھائی ، مشینی کڑھائی ، سلائی ، بیوٹیشن اور فیشن ڈیزائننگ وغیرہ کے کورسز شامل ہونگے۔مرد و خواتین قیدیوں کو فنی تعلیم کے 6 ماہ کے کورس پر 30 یوم اور 3 ماہ کے کورس پر 15 یوم کی سزاؤں میں چھوٹ حاصل ہو گی۔اس کیساتھ ساتھ پنجاب کی جیلوں میں مقید اقلیتی قیدیوں کو انکی مذہبی تعلیمات کے حصول پر سزاؤں میں چھوٹ دی جائیگی۔اب اقلیتی قیدی بھی انکی مذہبی تعلیمات کے حصول پر 15 سے 60 یوم تک سزاؤں میں چھوٹ حاصل کر سکیں گے۔آئی جی جیل خانہ جات پنجاب ملک مبشر احمد خاں کا کہنا ہے کہ سزاؤں میں چھوٹ کا مقصد قیدیوں میں مثبت رحجان پیدا کر کے انھیں کار آمد شہری بنانا ہے تاکہ وہ جیل سے رہائی پانے کے بعد پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔