سیکرٹری سکولز ایجوکیشن فیصل فرید کا(پیف) صدر دفتر کا دورہ
لاہور (سپیشل رپورٹر )سیکرٹری سکولز ایجوکیشن فیصل فرید نے پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن (پیف) صدر دفتر لاہور کا دورہ کیا۔ ایڈیشنل سیکرٹری (ER) نوید شہزاد مرزا بھی اْن کے ہمراہ تھے۔ منیجنگ ڈائریکٹر پیف منظر جاوید علی نے سیکرٹری سکولز کو پیف کے تعلیمی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ ایم ڈی پیف نے بتایا کہ پیف کے 43ماسٹر ٹرینرز کے ذریعے اب تک 48ہزار925اساتذہ اور 15ہزار 184ہیڈ اساتذہ کو ٹریننگز دی جا چکی ہیں۔
ایم ڈی پیف نے کہا کہ اس تعلیمی سال میں 1لاکھ اساتذہ کو ٹریننگز دی جائیں گی جس سے پیف پارٹنر سکولوں میں کوالٹی کے معیار میں مزید اضافہ ممکن بنایا جا سکے گا۔ ایم ڈی پیف نے سیکرٹری سکولز کو چولستان کمیونٹی سکول، چولستان موبائل سکول اور روشن تھل پروجیکٹ کے بارے میں بھی تفصیل سے بتایا۔ ایم ڈی پیف نے سیکرٹری سکول کو بتایا کہ پیف پارٹنر سکولوں کو بچوں کی مد میں ملنے والی فیس میں اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ایم ڈی پیف نے سیکرٹری سکول کو پیف کے سٹوڈنٹ انفارمیشن سسٹم، مانیٹرنگ نظام، کوالٹی ایشورنس ٹیسٹ اور دیگر اہم امور پر بھی تفصیلی بریفنگ دی۔ میٹنگ کے دوران سیکرٹری سکولز فیصل فرید نے پیف کے تعلیمی منصوبوں کو سراہا اور پیف کا پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ ماڈل بہترین ماڈل قرار دیا۔ میٹنگ کے دوران سیکرٹری سکولز نے پیف کے مانیٹرنگ نظام کو مزید بہتر بنانے کے احکامات جاری کیے۔ انہوں نے کہا کسی بھی ادارے میں مانیٹرنگ کا نظام بہت اہمیت کا حامل ہوتا ہے۔ میٹنگ کے دوران سیکرٹری سکولز نے کہا کہ پیف تعلیمی میدان میں بہترین کردار ادا کر رہا ہے اور صوبہ پنجاب کے وہ علاقے جہاں سرکاری سکول موجود نہیں ہیں اْن علاقوں میں پیف کے سکولوں کے ذریعے تعلیم کی شمع کو روشن کیا جا رہا ہے۔