ملک کی تقدیر کسان کی محنت سے ہی بدلتی ہے:جمال ناصر
لاہور(نیوزرپورٹر)صوبائی وزیر پرائمری سکینڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جمال ناصر نے کہاہے کہ اس ملک کی تقدیر کسان کی محنت سے ہی بدلتی ہے۔ کسان خوشحال ہوگا تو ملک خوشحال ہو گا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر کسانوں کے مسائل کو گراس روٹ لیول پر جا کر نہ صرف سنا جارہاہے بلکہ اس کو مقامی انتظامیہ سے مل کر ترجیحی بنیادوں پر حل کروایا جارہاہے۔ وہ کمشنر سرگودھا کے دفتر میں ڈویڑن بھر کے کاشتکاروں کے نمائندہ وفد کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سرگودھا کیپٹن ریٹائرڈ شعیب علی ‘ ایڈیشنل کمشنر ریونیو ندیم اختر کے علاوہ زراعت ‘ خوراک ‘ لائیوسٹاک اور انہار سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر جمال ناصر نے کہاکہ حکومت کسانوں کو رعایتی نرخوں پر سولر اور بغیر سود کے قرضے فراہم کرنے کی منصوبہ بندی کررہی ہے۔ کسانوں کے بنیادی مسائل کھاد کی مقررہ نرخوں پر دستیابی ‘ ٹیل تک پانی کی فراہمی اور اعلیٰ معیار کے بیج کی فراہمی سمیت زراعت کی ترقی کیلئے دیگر انقلابی اقدامات بھی اٹھائے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مشکلات کے شکار پنجاب کے کاشتکاروں اور کسانوں کے فوری حل کی خاطر ہنگامی اقدامات کا فیصلہ کیاہے۔ کاٹن کی کاشت بڑھانے کیلئے ریسرچ کی خاطر سو کروڑ روپے کے فنڈز کا اعلان کیاہے۔