• news

فیصل آباد: سود خور نے مقروض  کی بیٹی کو اٹھا لیا، باپ کی خود کشی 


حافظ آباد؍ فیصل آباد (نمائندہ نوائے وقت+نمائندہ خصوصی) چند ہزار کے قرضے پر سود کی رقم کی عدم ادائیگی پر سود خور بنیا نے مقروض کی 18 سالہ بیٹی اٹھا لی۔ جس پر بوڑھے مقروض نے خود کشی کرلی۔ سرگودھا روڈ کے علاقے ہجویری ٹاؤن کے رہائشی 55 سالہ وارث علی نے گزشتہ شب گولیاں کھا لیں۔ اسے الائیڈ ہسپتال لایا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکا۔ خود کشی کرنے والے وارث  کی بیٹی سندس نے پولیس کو بتایا ہے کہ اس کے والد نے محمود آباد میں سود کا کاروبار کرنے والے فہیم نامی شخص سے کچھ رقم سود پر لے رکھی تھی جس کا سود وہ ادا کررہا تھا۔ گزشتہ روز سود خور فہیم سود کی رقم  لینے آیا تو  تنگدستی کے باعث سود ادا نہ کر سکا تو سود خور ’’بنیا‘‘ فہیم سندس کو  زبردستی اپنے ساتھ لے گیا۔ جس سے دلبرداشتہ ہو کر متوفی نے گولیاں کھا لیں۔ اہل محلہ نے جا کر فہیم کے چنگل سے سندس کو آزاد کروایا۔ اہل علاقہ نے نوائے وقت کو بتایا کہ محمود آباد کا رہائشی فہیم طویل عرصہ سے سود پر رقوم دینے کا کاروبار کر رہا ہے اور اس مسئلے پر اس کے اکثر علاقے کے غریب افراد کے ساتھ جھگڑے ہوتے رہتے ہیں مگر مقامی پولیس بااثر ہونے کی وجہ سے فہیم کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کرتی۔ اس واقعہ کا مقدمہ  بھی درج نہیں ہو سکا تھا۔ حافظ آباد میں دو مختلف واقعات میں 2 افراد نے اپنے آپ کو فائر مار کر خود کشی کر لی۔ 25 سالہ حسنین ہنجرا نے گھریلو ناچاقی پر اپنے آپ کو مبینہ طو رپر سر میں فائر مار کر زندگی کا خاتمہ کر لیا جبکہ دوسرا واقعہ ہر دورتہ گاؤں میں پیش آیا جہاں 19 سالہ علی احسن نے گھریلو لڑائی جھگڑے پر خود کو مبینہ طور پر سینے پر فائر مار کر زندی کا خاتمہ کر لیا۔

ای پیپر-دی نیشن