• news

دھمکیاں دی جا رہی ہیں 90 روز میں الیکشن نہیں کرائیں گے: اسد عمر


لاہور (نیوز رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری اسد عمر نے کہا ہے کہ کھلم کھلا دھمکیاں دی جارہی ہیں کہ 90 روز میں الیکشن نہیں کروائیں گے۔ آئین توڑنے کی باتیں چھوڑ دیں، میدان میں آئیں مقابلہ کریں۔ اس وقت زخمی قوم کے زخم بھرنے ہیں، اس وقت آئی ایم ایف کا مشن یہاں پر آیا ہوا ہے۔ آئی ایم ایف وفد کے ساتھ حکومت کے مذاکرات چل رہے ہیں۔ آئی ایم ایف معاملے پر عجیب و غریب کہانیاں سن رہے ہیں۔ اسحاق ڈار کی خواہش تھی مفتاح اسماعیل کو ان کی کرسی سے ہٹایا جائے۔ اسحاق ڈار نے کہا تھا میں آئی ایم ایف کو دیکھ لوں گا، آئی ایم ایف ٹیم اسلام آباد اچھا موسم انجوائے نہیں کرنے آئی۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان نازک وقت سے نہیں گزر رہا۔ اسد عمر پاکستان تاریخ ساز وقت سے ضرور گزر رہا ہے۔ فیصلہ ہوچکا ہے کہ ملک کو آئین کی بنیاد پر چلانا ہے۔ ایک ہیجان کی کیفیت نظر آرہی ہے، ان کو نظر آرہا ہے پرانے نظام کے دن ختم ہو رہے ہیں، قوم فیصلہ کر بیٹھی ہے، اب کوئی نہیں روک سکتا۔ سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ لاکھوں لوگ بیروزگار ہوچکے ہیں، ان کی آپس کی لڑائی ختم نہیں ہورہی، اس ہفتے کے آخر تک فیصلہ آجائے گا کہ پنجاب الیکشن کی طرف جارہا ہے، اگلے ہفتے تک پاکستان کی سمت کا تعین ہونے والا ہے۔
اسد عمر

ای پیپر-دی نیشن