• news

ہم جیل بھرو تحریک شروع کر چکے ، انتخابات کو ملتوی کئے  تو آرٹیکل 6 لگے گا،  فواد چودھری 


 اسلام آباد+ کراچی(اپنے سٹاف رپورٹر سے+آئی این پی)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ہم جیل بھرو تحریک شروع کر چکے ہیں، کارکنان اس کے لیے رجسٹریشن کرا رہے ہیں، انتخابات کو ملتوی کیا گیا تو آرٹیکل 6 لگے گا، منگل کو کراچی ایئر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ پرویز مشرف کے جنازے میں شرکت کے لیے یہاں پہنچا ہوں، 99میں نواز شریف سے پاکستان کی جان چھڑانے کے لیے اقدامات کیے،انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے بے شرم لوگوں کو شرم نہیں آتی، ہر دس سال بعد ان دونوں کو مسلط کیا جاتا ہے،ان کا کہنا تھا کہ مجھے صبح 4بجے اٹھایا گیا شراب کا پرچہ ڈال دیا گیا، اس وقت بے شرم لوگوں کی حکومت ہے، نواز اور زرداری کے پیسے پاکستان میں لائے جائیں،فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان میں آئین معطل ہے، ایماندار لوگ کیسز بھگت رہے ہیں اور کرپٹ لوگ حکومت میں ہیں،پی ٹی آئی رہنما  نے کہا کہ فوری انتخابات کا انعقاد ممکن بنایا جائے، انتخابات کو ملتوی کیا گیا تو آرٹیکل 6 لگے گا۔مرکزی سینئر نائب صدر تحریک انصاف فواد چوہدری نے کہا ہے کہ کراچی میں جنرل پرویز مشرف کے جنازے میں ہزاروں لوگوں نے شرکت کی اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ان کی یونٹ اور فوج کے اعلی ترین لیڈرشپ نے سلامی دی ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے منافق جو مرضی کہیں سابق صدر پرویز مشرف سر سے پاؤں تک پاکستان کی محبت میں ڈوبے ہوئے شخص تھے خدا ان کی مغفرت کرے۔ 

ای پیپر-دی نیشن