فلور ملزعوام کی سہولت کیلئے ٹرکنگ سٹیشن پرآٹا فراہم کر رہی ہیں:افتخار احمد
لاہور(کامرس رپورٹر) پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن پنجاب برانچ کے چیئرمین چوہدری افتخار احمد مٹو نے کہا ہے کہ محکمہ خوراک پنجاب نے دکانداروں اور خریدداروں کیلئے آٹا کی فروخت اور خرید کیلئے نئی ہدایات جاری کیں ہیں جس کے باعث عوام کیلئے آٹا خریدنا ناممکن ہو جائے گاپاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن ان پابندیوں کو مسترد کرتی ہے۔ دریں اثنا لاہور آٹا ڈیلرز ایسوسی ایشن نے صدر حاجی یوسف نے کہ محکمہ خوراک پنجاب کی دوکانداروں اور خریدداروں کیلئے آٹا کی فروخت اور خرید کیلئے نئی ہدایات کو مسترد کرتے ہوئے سستا سرکاری آٹا فروخت نہ کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن پنجاب برانچ کے چیئرمین چوہدری افتخار احمد مٹو نے کہا کہ فلور ملز صوبہ بھر میں عوام کی سہولت کیلئے ٹرکنگ سٹیشن پرآٹا فراہم کر رہی ہیں، جو مناسب سکیورٹی نہ ہونے کی وجہ سے پہلے ہی غیر محفوظ ہیں، ان پر نئی پابندیوں کا اطلاق عوام کے ہجوم اور ناکافی عملہ ہونے کے باعث ممکن نہیں ۔ محکمہ خوراک کی پالیسی میں ٹرکنگ سٹیشن کی کو ئی شق موجود نہیں اس کے باوجود فلور ملز رضا کارانہ طور پر ٹرکنگ سٹیشن پر آٹا فراہم کر رہی ہیں موجود ہ پابندیوں کی صورت میں ٹرکنگ سٹیشن پر آٹا فراہمی ممکن نہ ہوگی، پالیسی کے مطابق فلور ملز، گیٹ پر آٹا فراہم کرنے کی پابند ہیں،ٹرکنگ اسٹیشن پر آٹا فروخت کرنے کا انتظام محکمہ خو د کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نئی عائد کی جانے والی پابندیوں کے باعث دکانداروں کی جانب سے فلور ملز سے آٹا نہ خریدنے کی اطلاعات مو صول ہورہی ہیں جس کے باعث صوبہ میں آٹے کے بحران کے خدشات پیدا ہو گئے ہیں ۔