پنجاب میں عام انتخابات، لاہور ہائیکورٹ: الیکشن کمشن، گورنر سے آج جواب مانگ لیا
لاہور (سپیشل رپورٹر) لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب میں عام انتخابات کی درخواست پر الیکشن کمشن اور گورنر پنجاب کو نوٹس جاری کر دئیے۔ لاہور ہائیکورٹ میں پنجاب میں عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرنے کے حوالے سے دائر متفرق درخواستوں پر سماعت ہوئی ہے۔ عدالت نے الیکشن کمشن اور گورنر پنجاب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آج 9 فروری کو جواب طلب کر لیا ہے۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ الیکشن کمشن نے بدنیتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے قومی اسمبلی کے حلقوں کا ضمنی شیڈول جاری کر دیا ہے۔ عام انتخابات کا شیڈول جاری نہ ہونے سے حلقے کے ووٹرز کا استحقاق مجروع ہو رہا ہے۔ الیکشن کمشن اور گورنر پنجاب اسمبلی کی تحلیل کے باوجود آئین کے آٓرٹیکل 105 کے برعکس انتخابی شیڈول جاری نہیں کررہا ہے۔ عدالت الیکشن کمشن کو پنجاب کے لیے انتخابی شیڈول جاری کرنے کا حکم دے۔