• news

نجکاری تیز کی جا ئے ، وزیراعظم : سپیشل ٹیکنا لوجی زو نز اتھا رٹی کی کا رکردگی پر بر ہم ، کمیٹی قا ئم 


اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وزیراعظم محمد شہبازشریف نے سپیشل ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی کی کارکردگی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی سربراہی میں سپیشل ٹیکنالوجی زون اتھارٹی کو فعال کرنے کے لئے کمیٹی تشکیل دی ہے جو ایک ہفتے کے اندر اپنی سفارشات پیش کرے گی۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ  کے مطابق وزیراعظم کی زیرِ صدارت سپیشل ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی کے حوالے سے اعلی سطح کا اجلاس  ہوا۔ وزیراعظم نے اتھارٹی کی کارکردگی پر برہمی کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ ملک میں موجود وسائل کا مزید ضیاع کسی صورت قبول نہیں۔ باصلاحیت پاکستانی نوجوان آئی ٹی کے شعبے میں اپنے تئیں روزگار کما رہے ہیں جبکہ متعلقہ اتھارٹی غیر فعال ہے۔ وزیرِ اعظم نے سپیشل ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی فعال کرنے کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی جس کے سربراہ وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار ہوں گے ۔جبکہ وزیرِ انفارمیشن ٹیکنالوجی، وزیرِ قانون، وزیرِ سرمایہ کاری، مشیرِ وزیرِ اعظم احد چیمہ، سینیٹر افنان اللہ اور چیئرمین سی ڈی اے کمیٹی کے ممبر ہوں گے۔ وزیراعظم نے کہا اتھارٹی کے بورڈ آف گورنرز کو بھی فوری طور پر فعال کیا جائے۔  وزیرِ اعظم نے اتھارٹی میں پلاٹوں میں سرمایہ کاری کی بجائے اس کے اصل مقصد یعنی ملک میں ٹیکنالوجی کے فروغ پر توجہ دینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ سپیشل ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی کی اصلاحات اور اسے فعال کرنے کے اقدامات میں مزید کسی قسم کا تعطل قبول نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) نے اپنے دورِ حکومت میں نوجوانوں کو آئی ٹی برآمدات بڑھانے کیلئے ہنر دینے کی بنیاد رکھی۔ بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ اتھارٹی میں اس وقت 400 کمپنیاں رجسٹرڈ ہیں جس میں سے 63 فیصد پاکستانی جبکہ باقی چین، امریکا، ترکیہ اور دیگر ممالک سے تعلق رکھتی ہیں۔ اجلاس کو اتھارٹی کے بورڈ آف گورنرز اور مسائل کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔ وزیرِ اعظم نے اتھارٹی کو فعال اور موثر طریقے سے ملکی آئی ٹی برآمدات میں اپنا کردار ادا کرنے کیلئے اقدامات کے ترجیحی بنیادوں پر نفاذ کی بھی ہدایت کی۔ مزید برآں  وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ایسے پبلک سیکٹر انٹر پرائزز جن کی نجکاری کی سفارش نجکاری بورڈ نے کی ہے ان کی نجکاری کے عمل کو تیز تر بنایا جائے، نجکاری کے عمل میں شفافیت اولین ترجیح ہونی چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو پبلک سیکٹر انٹر پرائزز کی نجکاری کے حوالے سے اہم جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں پبلک سیکٹر انٹر پرائزز کی نجکاری کے عمل کی رفتار کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت پبلک سیکٹر انٹرپرائزز کی نجکاری کے عمل کی حوصلہ افزائی کرتی ہے۔  دریں اثناء وزیراعظم محمد شہباز شریف سے سابق اراکین پنجاب اسمبلی رانا مشہود، عنیزہ فاطمہ، راحیلہ خادم اور رمیش سنگھ اروڑہ نے علیحدہ علیحدہ ملاقات کی۔  وزیراعظم نے  کہا کہ عوامی فلاح و بہبود اور ملکی ترقی وفاقی حکومت اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجیحات میں شامل ہیں۔ ملاقات میں ملک اور پنجاب کی مجموعی سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ علاوہ ازیں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت پاکستانی نوجوانوں کو روزگار کیلئے قرضوں کی بروقت فراہمی یقینی بنا رہی ہے، حال ہی میں حکومت کی طرف سے یوتھ لون سکیم کے اجراء سے ملک میں لاکھوں باصلاحیت نوجوان مستفید ہو رہے ہیں، اخوت کی ملک میں بلا سود قرضوں کی فراہمی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔  ان خیالات کا اظہار انہوں نے اخوت کے بانی امجد ثاقب سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں امجد ثاقب نے وزیرِاعظم کو یوتھ پروگرام میں نوجوانوں کو روزگار کیلئے آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی پر خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے وزیرِاعظم کو اخوت کی طرف سے سیلاب زدگان کو بلاسود قرضوں کی فراہمی کے حوالے سے بھی تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔

ای پیپر-دی نیشن