• news

عمران کیساتھ ایک جیل میں رہنا پڑے تو تیار ہوں مگر باہر اکٹھے آئینگے: رانا ثناء 


اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) وفاقی وزیر داخلہ راناثناء اللہ نے کہا ہے کہ مجھے اور عمران خان کو اگر ایک ساتھ جیل میں رکھنا پڑے تو میں تیار ہوں لیکن شرط یہ ہے کہ اس وقت تک باہر نہیں آئوں گا جب تک دونوں رضامند نہ ہوں باہر نہیں آئیں گے۔ عمران خان نے مجھے جس سیل میں رکھا انہیں بھی وہیں رکھا جائے گا انہیں سیل میں ہر چیز دیں گے مگر کوئی ممنوعہ چیز نہیں ملے گی۔ ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ راناثناء اللہ نے کہا کہ شاہد خاقان اپنی رائے کا اظہار پارٹی میں بھی کرتے ہیں۔ بطور صدر مسلم لیگ ن پنجاب ہم نے میٹنگ کی ہے اور جب بھی الیکشن ہوں ہم تیار ہیں انہوں نے کہا کہ مریم نواز کے دورہ بہاولپور اور ملتان میں بطور صوبائی صدر میں بھی ان کے ہمراہ تھا، میں نے دیکھا کہ مریم نواز کا ہر جگہ پرجوش استقبال کیا۔ وزیر داخلہ راناثناء اللہ نے کہا کہ اعظم سواتی کو ان کے ٹویٹ، فواد چوہدری کو سیکرٹری الیکشن کمشن کی درخواست اور شیخ رشید کو ان کے خلاف دی گئی درخواست پر گرفتار کیا گیا ہے، اس میں کوئی سیاسی انتقام نہیں اگر سیکرٹری الیکشن کمشن کو فواد چوہدری کی رہائی کے بعد ان کے بیان پر اعتراض ہے اور وہ درخواست دیتے ہیں تو کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے امریکی خط پر جھوٹ بولا تھا نواز شریف نے واپسی کی تیاری شروع کردی ہے۔ انتخابی مہم کو وہ لیڈ کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن