شیخ رشید ایک روزہ راہداری ریمانڈ پر مری پولیس کے حوالے
اسلام آباد +راولپنڈی(وقائع نگار+اپنے سٹاف رپورٹر سے) اسلام آباد کی عدالت نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کو راہداری ریمانڈ پر مری پولیس کے حوالے کر دیا۔ پولیس نے شیخ ر شید کو کچہری میں ہتھکڑی لگا کر پیش کیا۔ عدالت نے پولیس سے استفسار کیا کہ کیا پہلے راہداری ریمانڈ کی استدعا کی؟ اس پر تفتیشی افسر نے کہا کہ پہلی بار کر رہے ہیں۔ شیخ رشید کے وکیل علی بخاری نے کہا کہ جوڈیشل مجسٹریٹ نے حال ہی میں شیخ رشیدکے راہداری ریمانڈکی استدعا مسترد کی۔ شیخ رشید جیل میں ہیں، کہیں باہر نہیں جاسکتے۔ وکیل علی بخاری نے شیخ رشید کے راہداری ریمانڈ کی درخواست کی مخالفت کی۔ پراسیکیوٹر نے کہا کہ شیخ رشید جوڈیشل ریمانڈ پر ہیں، ان کو مری کی عدالت میں پیش کرنا ہے۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد پولیس کی درخواست منظور کرتے ہوئے شیخ رشید کو ایک دن کے راہداری ریمانڈ پر مری پولیس کے حوالے کر دیا۔راولپنڈی سے اپنے سٹاف رپورٹر کے مطابق لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس چوہدری عبدالعزیز نے تھانہ مری میں درج مقدمہ کے اخراج کیلئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمدکی پٹیشن سماعت کے لئے منظور کر لی۔ فریقین کو نوٹس جاری کر کے تھانہ مری کے ایس ایچ او کو ریکارڈ سمیت طلب کر لیا۔ پٹیشن کی ابتدائی سماعت کے دوران سرکاری وکیل کے اعتراض پر عدالت عالیہ نے استفسار کیا کہ آپ نے اس مقدمہ میں شیخ رشید کو ابھی تک گرفتار کیوں نہیں کیا۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد مقدمہ کے اخراج کا فیصلہ کیا جائے گا۔