• news

وفاقی حکومت نگران سیٹ اپ، گورنر آئین سے کھیل رہے ہیں: پرویز الٰہی 


لاہور (خصوصی نامہ نگار) سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی سے سپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان نے ملاقات کی۔ ملاقات میں گورنرز کی جانب سے انتخاب کی تاریخ نہ دینے پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ ملاقات میں سابق وزراء راجہ بشارت، باؤ رضوان، حافظ ممتاز اور مسلم لیگی رہنما زین بھٹی بھی مشاورتی ملاقات میں شریک تھے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہاکہ وفاقی حکومت، نگران سیٹ اپ اور گورنرز آئین سے کھیل رہے ہیں۔ آئین سے انحراف کرنے والے آئین شکنی کے مرتکب ہوں گے۔ پی ڈی ایم کا ٹولہ انتخاب میں عمران خان کا سیاسی میدان میں مقابلہ کرنے سے خوفزدہ ہے۔ آج سیاسی مخالفین کو لاپتہ کیا جا رہا ہے یا جھوٹے مقدمات میں گرفتار کروایا جا رہا ہے۔ عامر سعید راں کو ایک ہفتہ لاپتہ رکھا گیا، سیکرٹری اسمبلی محمد خان بھٹی ابھی تک لاپتہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کی نام نہاد گورننس نے ملکی معیشت تباہ کر دی، شہباز شریف صرف غیر ملکی دوروں کے شوقین ہیں، شہبازشریف کی شوبازیاں ایکسپوز ہورہی ہیں، شہبازشریف نے تاریخ کی سب سے بڑی کابینہ کا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔ شہباز شریف دنیا سے بھیک مانگ کر وزرا پر لٹا رہے ہیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے مزید کہا کہ نگران حکومت الیکشن کروانے کی بجائے سیاسی مخالفین کو دیوار سے لگانے میں مصروف ہے۔ اڑھائی ماہ کے نگران مہمان اپنی آئینی حدود میں رہیں ورنہ قانون ان کے خلاف راستہ بنائے گا، نگران حکومت الیکشن کروانے کی بجائے ہر وہ کام کر رہی ہے جو اْن کا مینڈیٹ ہی نہیں۔

ای پیپر-دی نیشن