• news

پارلیمنٹ بلڈنگ: سویٹ ہوم بلڈ ڈونیشن کیمپ‘ عظیم مشن‘ ساتھ کھڑے ہیں‘ مریم اورنگزیب


اسلام آباد (نامہ نگار) پاکستان سویٹ ہوم بلڈ بینک اور زمرد خان (ہلال امتیاز) کی جانب سے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے موقع پر قومی اسمبلی میں عظیم الشان بلڈ ڈونیشن کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں ارکان قومی اسمبلی، سینیٹرز اور پارلیمنٹ کے ملازمین، افسران و دیگر عملے نے تھیلیسیمیا سے متاثرہ بچوں کے لیے بڑی تعداد میں خون کے عطیات دئیے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب سمیت وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے خصوصی دورہ کیا اور خون کے عطیات دینے والے ڈونرز کی بھرپور حوصلہ افزائی کی اور ان میں سرٹیفکیٹ تقسیم کیے۔ اس موقع پر مریم اورنگزیب نے کہا کہ ہم تمام پارلیمنٹیرینز زمرد خان کے اس نیک اور عظیم مشن میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ زمرد خان اور ان کی پوری ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔ یقیناً آپ لوگ ہمارے ہیروز ہیں اور ہم سب کے لیے مشعل راہ ہیں۔ حکومت پاکستان تھیلیسیمیا سے متاثرہ بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہیں۔ حکومت پاکستان ان بچوں کے ساتھ کھڑی ہے اور انہیں کبھی خون کی قلت نہیں ہونے دیں گے۔ میں تمام پاکستانیوں اور عوام الناس سے اپیل کروں گی کہ زمرد خان کے اس نیک مشن میں ان کا ساتھ دیں۔ اس موقع پر کیمپ کا دورہ کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے کہا کہ زمرد خان جو عظیم کام کر رہے ہیں، زمرد خان کے اس عظیم مشن میں ہر ممکن تعاون کے لیے ہمیشہ تیار ہیں اور اس نیک مشن میں حکومت آزاد کشمیر بھی ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ اس دوران پاکستان سویٹ ہوم کے سربراہ زمرد خان (ہلال امتیاز) نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج مجھے یہ دیکھ کر بے حد خوشی ہوئی کہ ہماری یہ مقدس پارلیمان اور یہ ایوان انسانیت کی بے لوث خدمت میں کسی سے کم نہیں۔ اس دوران بلڈ ڈونیشن کیمپ میں وزیر مملکت برائے قانون شاہد حسین، وزیر اعظم کے معاون خصوصی امیر مقام، ایم این اے ڈاکٹر افضال دھران، ایم این اے علی زاہد، ایم این اے شمس الاسلام، ایم این اے خان محمد جمالی، ایم این اے ندیم عباس، ایم این اے آسیہ عظیم،  ایم این اے ڈاکٹر شہناز، ایم این اے اسامہ قادری، ایم این اے اظہر نائرہ، ایم این اے رانا مبشر، ایم این اے احسان اللہ وقی، پارلیمانی سیکرٹری رفیق احمد جمالی، ایم این اے ڈاکٹر نثار چیمہ، ایم این اے طاہر اورنگزیب، ایم این اے محسن رانجھا، ایم این اے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، ایم این اے ناز بلوچ، افضل کھوکھر، راجہ فاروق حیدر، روبینہ عرفان، سینیٹر تاج حیدر، سینیٹر مشاہد حسین، ایم این اے کشور زہرہ، ڈاکٹر قادری خندوخیل سمیت دیگر اراکین پالیمنٹ نے خصوصی شرکت کی۔
بلڈ ڈونیشن کیمپ

ای پیپر-دی نیشن