عمران کی حکومت گرانا غلطی‘ حکومت ناکام ہو چکی: مہتاب عباسی
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) سردار مہتاب خان عباسی نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ مریم نواز کو عہدہ دینے سے پہلے قیادت سے مشاورت ہوتی تو اچھا ہوتا۔ نواز شریف ملک آ کر جماعت کو آگے لے کر چلتے تو اچھا ہوتا۔ پارٹی قیادت جلسے کرنے جاتی ہے تو صوبائی قیادت کو بلاتی ہے۔ موجودہ صوبائی قیادت خیبر پی کے میں پارٹی کو ختم کرنے جا رہی ہے۔ ن لیگ کی جماعت چند لوگوں تک محدود کر دی گئی ہے۔ ن لیگ اب وہ جماعت نہیں۔ پہلے پارٹی فیصلے کرتی تھی اب چند لوگ کرتے ہیں۔ بدقسمتی سے سیاسی جماعتوں میں کوئی جمہوری طریقہ کار نہیں۔ ن لیگ میں صرف نمائشی عہدے ہیں، بات صرف شخصیات کی چلتی ہے۔ مریم نواز جماعت کے قائد کی بیٹی ہیں‘ عہدہ دینا الگ بات ہے۔ تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا پی ٹی آئی حکومت کے خلاف عدم اعتماد لا کر غلط فیصلہ کیا گیا‘ سارا گند اپنے ذمے لے لیا گیا‘ موجودہ حکومت ناکام ہو چکی‘ مہنگائی سے لوگ مر رہے ہیں۔ خیبر پی کے میں مسلم لیگ ن کا مکمل خاتمہ ہو چکا ہے۔ آج وزیر مال بنا رہے ہیں‘ اپنے دفتروں میں بیٹھنا پسند نہیں کرتے‘ ہماری پارٹی اگر ہماری قدر نہیں کرتی تو ہمیں بھی کسی سے کوئی تمغہ نہیں لینا۔
مہتاب عباسی