سینٹ کمیٹی نارکوٹکس کنٹرول سبسٹینس ترمیمی ایکٹ اور بل منظور
راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) سینٹ کمیٹی نے "کنٹرول آف نارکوٹکس سبسٹینس (ترمیمی) بل، 2022"ء اور "کنٹرول آف نارکوٹکس سبسٹینس (ترمیمی) ایکٹ، 1997" کے دو بل متفقہ طور پر منظور کر لئے۔ "کنٹرول آف نارکوٹکس سبسٹینسز(ترمیمی بل) 2022" ء کے عنوان سے پیش کئے گئے بل کے تحریک کنندہ سینیٹر محسن عزیز نے کہا کہ اس بل کا بنیادی مقصد تعلیمی اداروں سے منشیات کا خاتمہ ہے۔ یہ بل بدھ کو سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انسداد منشیات کے اجلاس میں منظور کئے گئے۔ اجلاس سینیٹر اعجاز احمد چوہدری کی زیر صدارت پارلیمنٹ لاجز میں منعقد ہوا۔ اس بل کے ذریعے تمام تعلیمی اداروں کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندوں کے ساتھ ایک 'انضباطی کمیٹی' کی تشکیل کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔ کمیٹی کے رکن کو یونیورسٹیوں کے باقاعدگی سے معائنہ کا حکم دیا گیا ہے۔ "کنٹرول آف نارکوٹکس سبسٹینس (ترمیمی) ایکٹ 1997" کے عنوان سے بل کے تحریک کنندہ سینیٹر رانا مقبول احمد نے اس بات کا اعادہ کیا کہ اس بل کا مقصد نجی افراد کو ان کے سیاسی مخالفین کی طرف سے بدنیتی کے تحت لگائے گئے الزامات پر نشانہ بنائے جانے سے محفوظ رکھنا ہے۔ کمیٹی نے بل کو معمولی ترامیم کے ساتھ منظور کر لیا۔ مزید برآں سینیٹ باڈی کو پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام پی ایس ڈی پی کے مالی سال 2023-24 ء کے سالانہ بجٹ کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
سینٹ کمیٹی