علاقائی رابطے خطے کی ترقی کو فروع دینے میں کلیدی اہمیت کے حامل: پرویز اشرف
اسلام آباد (نامہ نگار) سپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے کہا کہ علاقائی رابطے خطے کی اقتصادی ترقی کو فروع دینے میں کلیدی اہمیت کے حامل ہیں۔ انہوں نے ترکمانستان کو فضائی، زمینی اور سمندری راستوں کے ذریعے علاقائی رابطوں کو فروغ دینے کی کوششوں میں شامل ہونے کی دعوت دی۔ انہوں نے توانائی کے شعبے میں باہمی تعاون کو فروع دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ترکمانستان کے سفیر اتاجان مولاموف سے ملاقات کے دوران کیا۔ سپیکر نے پاکستان ترکمانستان تعلقات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ترکمانستان کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ راجہ پرویز اشرف سے وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانی ساجد حسین طوری کی سربراہی میں قبائلی اضلاع سے تعلق رکھنے والے قبائلی عمائدین کے مشران جرگہ نے ملاقات کی جس میں قبائلی اضلاع کو درپیش چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سپیکر قومی اسمبلی