کاروباری برادری کیلئے سازگار ماحول پیدا کرنا حکومت کی اولین ترجیح : گورنر
لاہور (نیوز رپورٹر+ کامرس رپورٹر) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے گزشتہ روز گورنر ہائوس میں شاہدرہ تاجر بورڈ کے وفد نے صدر انجمن تاجران جی ٹی روڈ شاہدرہ عبدالراؤف نیازی کی سربراہی میں ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لیے تاجر برادری سمیت سب کو مل کر مثبت کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت معاشی چیلنجز سمیت معاشرتی و دیگر مسائل کا شکار ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ کاروباری برادری کے لئے سازگار ماحول پیدا کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلا شبہ کاروبار ی حضرات ٹیکس دے کر ملک کی معیشت میں بہتری لانے کے ساتھ ساتھ کئی لوگوں کو روزگار دینے کا ذریعہ بھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کا ملک کی معیشت کی بہتری کے ساتھ ساتھ فلاحی کاموں میں بھی اہم کردار ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ دہشت گردی کا عفریب پھر سے سر اٹھا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد ملک میں عدم استحکام پیدا کرنا چاہتے ہیں لیکن ساری قوم کو متحد ہو کر ان کے مذموم ارادوں کو ناکام بنانا ہے۔ اس موقع پر وفد نے گورنر پنجاب کو درپیش مختلف مسائل سے آگاہ کیا۔ وفد نے گورنر پنجاب کو شاہدرہ میں ناقص منصوبہ بندی اور عجلت میں عوامی امنگوں کے برعکس فلائی اوور منصوبہ پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔ علاوہ ازیں گورنر پنجاب سے تارا گروپ پاکستان کے وفد نے بھی ڈاکٹر خالد حمید چیئرمین تارا گروپ کی قیادت میں ملاقات کی۔
گورنر