• news

ملک کو خانہ جنگی کی طرف دھکیلنے‘ تقسیم کرنے کی سازشیں ہو رہی ہیں: سراج الحق


لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک کو خانہ جنگی کی طرف دھکیلنے اور قوم کو لسانیت، مسالک اور دیگر تعصبات پر تقسیم کرنے کی سازشیں ہو رہی ہیں۔ ملک کو دو لخت کرنے کی ذمہ دار استعماری طاقتوں نے پرانا کھیل شروع کر دیا۔ امریکا اور بھارت چاہتے ہیں کابل اور اسلام آباد میں لڑائی ہو، امریکی وزیر کا بیان آیا ہے کہ پاکستان افغانستان میں مداخلت کرے، یہی دشمنوں کا ایجنڈا ہے۔ ان کی نظر ملک کے ایٹمی اثاثوں پر ہے۔ استعماری طاقتوں کے وفادارجو قوم پر مسلط ہیں اور جنھیں اسٹیبلشمنٹ کی سپورٹ حاصل ہے نے بیرونی طاقتوں کے لیے ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کا کھیل آسان کر دیا۔ جزوی الیکشن کی بجائے جنرل الیکشن ملک میں استحکام کا باعث بن سکتا ہے۔ افغان حکومت امن کے لیے کردار ادا کرے اور سازشوں سے خبردار رہے، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے یورپ، امریکا کے دورے کیے، افغانستان نہیں گئے جہاں جانا سب سے زیادہ ضروری تھا۔ پی ڈی ایم، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کو اقتدار کی پڑی ہے۔ عوام مہنگائی اور بدامنی کی آگ میں جل رہے ہیں۔ لوگوں کا پارلیمنٹ، اداروں، عدلیہ اور سیاست دانوں پر اعتبار اٹھ گیا، ملک بچانا ہے تو عوام کا اعتماد حاصل کرنا ہو گا۔ وہ پشاور میں امن مارچ کے شرکا سے خطاب کر رہے تھے۔ امن مارچ میں خواتین اور بچوں سمیت عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ انہوں نے  حکمرانوں کو خبردار کیا کہ صوبہ میں امن کے قیام کے لیے لائحہ عمل دیا جائے ورنہ جماعت اسلامی اسلام آباد میں دھرنا دے گی اور اس وقت تک وفاقی دارالحکومت میں احتجاج جاری رہے گا جب تک کہ صوبے میں امن قائم نہیں ہو جاتا۔ انھوں نے اپنے خطاب کے دوران گمشدہ افراد جن کے لواحقین مارچ میں شریک تھے کا مسئلہ بھی اٹھایا اور مسنگ پرسنز کو بازیاب اور عدالتوں میں پیش کیے جانے کا پرزور مطالبہ بھی کیا۔ امیر جماعت نے کہا کہ پشاور میں امن مارچ ان کا آخری جلسہ نہیں ہے، ہم خیبر پی کے میں امن کے قیام کے لیے آخری حد تک جائیں گے۔
سراج الحق

ای پیپر-دی نیشن