• news

مریم نواز کو مسنر منڈیلا بنا کر لانچ کرنے کی کو شش نا کام ہو گئی ، عمران 


اسلام آباد+ لاہور (نوائے وقت رپورٹ+ اپنے سٹاف رپورٹر سے) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت ختم ہونے کے بعد جنرل باجوہ سے ملاقات ہوئی تھی۔ مریم نواز کو مسز منڈیلا بنا کر پاکستان میں لانچ کرنے کی کوشش کی گئی جو بری طرح ناکام ہوگئی۔ پاکستان میں آئین کی بالادستی کا راستہ صرف عدلیہ کے پاس ہے، موجودہ حکومت انتخابات کروانے میں سنجیدہ نہیں، بروقت انتخابات کے انعقاد کے لیے صرف عدلیہ سے امید ہے، اسٹیبلشمنٹ کا مطلب صرف آرمی چیف ہوتا ہے۔ ان خیالات کا ظہار انہوں نے اپنی رہائشگاہ پر صحافیوں سے ملاقات میںگفتگو کرتے ہوئے کیا۔ عمران خان نے موجودہ آرمی چیف سے ملاقات کے حوالے سے سوال پر کہا کہ تالی ایک ہاتھ سے نہیں بلکہ دونوں ہاتھوں سے بجتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے حکومت دہشتگردی کے خلاف اے پی سی بلائے تو سہی، جانے یا نہ جانے کا فیصلہ بعد میں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف معاہدے سے مہنگائی کا طوفان آئے گا۔ پاکستانی معیشت کو صرف سمندر پار پاکستانیوں کی سرمایہ کاری بچا سکتی ہے۔ حکمران اپنے ڈالر باہر منتقل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز کو مسز منڈیلا بنا کر پاکستان میں لانچ کرنے کی کوشش کی گئی جو بری طرح ناکام ہوگئی۔ نواز شریف پاکستان واپس آئیں انہیںاپنی مقبولیت کا اندازہ ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ختم ہونے کے بعد جنرل باجوہ سے ملاقات ہوئی تھی۔ ذرائع کے مطابق عمران خان اپنی جان کو خطرے کے پیش نظر ضمنی انتخابات کے لیے جلسوں میں خود شریک نہیں ہوں گے۔ نجی ٹی وی کے مطابق عمران خان سیاسی جلسوں میں براہ راست شرکت کے بجائے ویڈیو لنک کے ذریعے سے شریک ہوں گے۔ عمران خان نے کہا ہے اپنے لوگوں کی بھاری اکثریت کو سیفٹی نیٹ مہیا کرنا صحت کارڈ کا مقصد تھا۔ اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا صحت کارڈ کے ذریعے ملک بھر خصوصاً دیہی علاقوں، جہاں لوگوں کی قوت خرید کے فقدان کے باعث نجی شعبہ اب تک ہسپتال قائم کرنے پر آمادہ نہ تھا، وہاں صحت کی سہولیات (ہسپتال وغیرہ) کا جال بچھانا بھی ہمارا کلیدی ہدف تھا۔

ای پیپر-دی نیشن