صدر علوی کی عمران سے ملا قات ، سیا سی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال
لاہور، اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+نمائندہ خصوصی+ این این آئی) صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے عمران خان سے زمان پارک میں ملاقات کی ہے۔ صدر مملکت نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے ساتھ ملاقات میں ملک کی سیاسی صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں دیگر ملکی معاملات پر بھی بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر صدر عارف علوی نے چیئرمین پی ٹی آئی کی خیریت بھی دریافت کی۔ صدر نے سپاہی تنویر احمد شہید کے والد سے ٹیلی فون پر اظہارِ تعزیت کیا ہے۔ سپاہی تنویر احمد 5 فروری کو موسیٰ چیک پوسٹ، کوئٹہ میں خودکش حملے کے نتیجے میں شہید ہوئے تھے۔ صدر مملکت نے شہید اور اس کے خاندان کے جذبہ حب الوطنی کو سراہا۔ سپاہی تنویر احمد شہید کی خدمات اور قوم کیلئے جان کا نذرانہ پیش کرنے پر خراج عقیدت پیش کیا۔ صدر مملکت نے شہید کیلئے بلندی درجات، ورثاء کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔ صدر مملکت سے بین الپارلمیانی یونین کے پریزیڈنٹ نے ملاقات کی۔ صدر مملکت عارف علوی نے رکن ممالک کے درمیان پارلیمانی تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ صدر نے کہا کہ دنیا میں امن، جمہوریت، پائیدار ترقی کے فروغ کیلئے بین الپارلیمانی تعاون ضروری ہے۔ ممبران پارلیمان امن کے فروغ، تنازعات کے حل میں کر دار ادا کر سکتے ہیں۔