• news

محمد خان بھٹی کی زندگی کو خطرہ، سپریم کورٹ سے رجوع کریں گے: پرویز الٰہی 


لاہور (خصوصی نامہ نگار) سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ نااہل حکمران عام انتخابات سے خوفزدہ ہیں، آئی جی اور چیف سیکرٹری سے الیکشن میں رکاوٹیں پیدا کرنے کی رپورٹس پیش کروائی جا رہی ہیں۔ چودھری پرویزالٰہی سے سابق پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ پنجاب محمد خان بھٹی کی اہلیہ، بچوں، سینئر وکلاء اور سابق ارکان اسمبلی نے ملاقات کی۔  ملاقات میں سیاسی صورتحال، عدالتوں میں زیر سماعت کیسز پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ سیکرٹری اسمبلی محمد خان بھٹی کے معاملے پر سپریم کورٹ سے رجوع کیا جائے گا۔ محمد خان بھٹی کی اہلیہ اور بچوں نے چیف جسٹس پاکستان سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرے شوہر کی زندگی کو خطرہ ہے، چیف جسٹس پاکستان فوری ازخود نوٹس لیں، تین دن پہلے میرے شوہر کو سندھ ہائیکورٹ جاتے ہوئے مٹیاری سے گرفتار کیا گیا، میرے شوہر سندھ ہائیکورٹ سے اپنے آئینی اور قانونی حق ضمانت کیلئے رجوع کرنے جا رہے تھے، انہیں آئینی و قانونی حق حاصل کرنے سے روکا گیا اور آج تین دن گزرنے کے بعد بھی میرے شوہر کا کوئی پتہ نہیں، سابق سیکرٹری لاہور ہائیکورٹ بار عامر سعید راں کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا گیا، میرے شوہر اور ان کے ساتھ گرفتار دیگر چار افراد پر بھی بدترین تشدد کیا جا رہا ہے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ گریڈ بائیس کے آفیسر محمد خان بھٹی کئی روز سے لاپتہ ہیں، ان کا کیس مسنگ پرسن کا کیس بن چکا ہے، سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران انتقامی کارروائیوں میں لاقانونیت کے مرتکب ہو رہے ہیں، انہیں الیکشن کروانے کی فکر نہیں صرف انتقامی کارروائیوں پر فوکس ہے، حکمران پنجاب اور خیبرپی کے میں الیکشن سے راہ فرار اختیار کر رہے ہیں، نگران سیٹ اپ بتائے اگر الیکشن نہیں کروانے تو ان کا کام کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن