عمران کے الزامات مسترد، عوامی خوشحالی کیلئے مل کر کام کرنے کے خواہشمند ہیں : امریکہ
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) امریکی محکمہ خارجہ کے عہدیدار ڈیرک شولے نے عمران خان کے حکومت گرانے کے حوالے سے امریکا پر لگائے گئے الزامات کو سختی سے مسترد کر دیا۔ نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایسا صرف اس لئے کیا گیا تاکہ امریکا اور پاکستان کے تعلقات کمزور ہوں۔ دونوں ممالک کے تعلقات کو مضبوط کرنے کیلئے کام جاری ہے۔ اس سے متعلق درپیش چیلنجز سے نمٹ رہے ہیں۔ امریکا کی پالیسیاں شخصی نہیں بلکہ ریاستی ترجیحات کی بنیاد پر ہوتی ہیں۔ پاکستان میں جس کی بھی حکومت ہوگی امریکا دونوں ممالک کے تعلقات کو مضبوطی کیلئے اسی سے بات کرے گا۔ ڈیرک شولے نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان تعلقات کو بہتر بنانے کیلئے کئی مواقع موجود ہیں۔ امریکا دونوں ممالک کے عوام کیلئے خوشحالی اور تحفظ کا خواہاں ہے اور اس کے حصول میں درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مل کر کام کرنے کا خواہشمند ہے۔