• news

 وسائل ملنے پر نو جوان ملکی تقدیر بدل سکتے ہیں ، وزیراعظم : یوتھ لون سکیم سیٹرنگ کمیٹی قا ئم 


اسلام آباد+ راولپنڈی (نمائندہ خصوصی+ اپنے سٹاف رپورٹر سے+ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پی ایم یوتھ لون سکیم کی کارکردگی اور کام کی رفتار کو جانچنے کے حوالے سے سٹیئرنگ کمیٹی کا قیام عمل میں لاتے ہوئے 30 جون 2023 تک پی ایم یوتھ لون سکیم کے ذریعے 30 ارب روپے تک قرضوں کی فراہمی کے ہدف کو پورا کرنے کی ہدایت کر دی۔ وزیراعظم نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا اثاثہ ہیں جن کی فلاح و بہبود سے ملکی ترقی جڑی ہوئی ہے، نوجوانوں کو آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ وہ جمعرات کو پرائم منسٹر یوتھ لونز سکیم کے حوالہ سے اہم جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں پرائم منسٹر یوتھ لون سکیم کی اب تک کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے شرکاء  سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ وسائل فراہم کئے جائیں تو ہمارے نوجوان ملکی تقدیر بدل سکتے ہیں۔ وزیراعظم نے پی ایم یوتھ لون سکیم کی کارکردگی اور کام کی رفتار کو جانچنے کی لئے ایک سٹیئرنگ کمیٹی بنانے کی ہدایت کی جس کی سربراہی وزیراعظم خود کریں گے، کمیٹی میں وفاقی وزیر خزانہ و محصولات اسحاق ڈار بھی شامل ہوں گے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پی ایم یوتھ لون سکیم کے موجودہ پورٹل کا باقاعدہ آغاز 24 جنوری 2023 کو کیا گیا، اس سکیم کے تحت 18 سے 45 سال کے افراد 45 دنوں کے اندر آسان شرائط پر قرض حاصل کر سکتے ہیں، اس سکیم میں 25 فیصد کوٹہ خواتین کے لئے مختص کیا گیا ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ 30 جون 2023 تک اس سکیم کے تحت 30 ارب روپے تک کے قرضے فراہم کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔ اجلاس میں شریک بینکوں اور مائیکرو فنانس کے اداروں کے سربراہان نے تمام اہداف معینہ مدت تک پورا کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ وزیراعظم نے 30 جون 2023 تک پی ایم یوتھ لون سکیم کے ذریعے 30 ارب روپے تک قرضوں کی فراہمی کے ہدف کو پورا کرنے کی ہدایت جاری کی ۔ کمیٹی  میں وزیر مملکت برائے خزانہ عائشہ غوث پاشا، وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے امور نوجوانان شزا فاطمہ، وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات ، وفاقی سیکرٹری تخفیف غربت و سماجی تحفظ ، بانی اخوت فاؤنڈیشن امجد ثاقب ، گورنر سٹیٹ بینک آف پاکستان ، صدور نیشنل رورل سپورٹ پروگرام ، بینک آف پنجاب، حبیب بینک لمیٹڈ، زرعی ترقیاتی بینک لمیٹڈ اور بینک الفلاح لمیٹڈ شامل ہوں گے۔  دریں اثناء دوسرے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا  پاکستان نے امدادی سامان بھجوانے کیلئے ائرکوریڈور قائم کر دیا ہے بہت جلد پاکستان سے امدادی سامان ٹرکوں کا قافلہ بھی ترکیہ اور شام روانہ ہوگا۔ علاوہ ازیں  وزیراعظم شہباز شریف سے  پنجاب اور قومی اسمبلی کے ارکان عابد رضا، رائو اجمل، رانا مشہود، عنیزے فاطمہ، راحیلہ خادم حسین سمیت دیگر نے ملاقاتیں کیں جن کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی ہے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق لیگی ارکان نے مہنگائی کے ستائے عوام کے دلی جذبات وزیراعظم شہباز شریف تک پہنچائے۔ اراکین نے کہا کہ عوام مہنگائی، بیروزگاری اور گرتی معیشت کے مسائل کی وجہ سے بے انتہا پریشان ہیں، اگر انتخابات ہوئے تو پارٹی کو مہنگائی کی موجودہ لہر بہا کر لے جائے گی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں مہنگائی کی لہر کا اندازہ ہے، معاشی صورتحال واقعی بہت خراب ہے، اس معاشی صورتحال میں سمجھ نہیں آ رہی کہ کیا کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان حکومت کی غلطیاں  بھگت رہے ہیں، آئی ایم ایف کی شرائط انتہائی تکلیف دہ ہیں لیکن ان کو ماننے کے سوا کوئی چارہ بھی نظر نہیں آ رہا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ کوشش ہے کہ آئی ایم ایف سے معاہدہ کے بعد عوام کو کچھ نا کچھ فوری ریلیف دے سکیں، تمام اراکین اپنے اپنے حلقوں میں جا کر عوام کو مہنگائی کی اصل وجوہات سے آگاہ کریں۔ اسلام آباد  سے این این آئی کے مطابق و زیر اعظم شہباز شریف نے مخیر حضرات، صنعتکاروں اور کاروباری افراد سے وزیرِ اعظم فنڈ برائے زلزلہ زدگانِ ترکیہ اور شام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل کرتے ہوئے کہاہے کہ پاکستانی عوام زلزلہ زدگان کیلئے امدادی اشیاء این ڈی ایم اے کے کلیکشن سینٹرز پر جمع کروا سکتے ہیں، ترکیہ اور شام کے زلزلہ زدگان کی امداد کیلئے سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں فنڈ ریزنگ کی جائے۔ جبکہ وزیراعظم نے ترکیہ اور شام کے زلزلہ زدگان کی امدادی کارروائیوں کو منظم کرنے کیلئے اعلی سطحی کمیٹی قائم کر دی۔ وزیرِ منصوبہ بندی احسن اقبال کی سربراہی میں وزیرِ ریلوے و ہوابازی خواجہ سعد رفیق، وزیرِ اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کمیٹی کے رکن ہوں گے۔ وزیرِ تعلیم رانا تنویر حسین، وزیرِ مذہبی امور مفتی عبدالشکور، چیئرمین این ڈی ایم اے، پاکستان کے ترکیہ اور شام میں سفیر اور معاونِ خصوصی طارق فاطمی بھی کمیٹی کے ممبر ہوں گے۔ جمعرات کو وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ترکیہ اور شام میں زلزلہ زدگان کیلئے امدادی سرگرمیوں پر جائزہ اجلاس ہوا۔ اجلاس کو پاکستان کے ترکیہ میں سفیر نے زلزلے سے تباہی کے اعدادو شمار کے حوالے سے آگاہ کیا۔ وزیرِ اعظم نے انکی امدادی کوششوں میں بہتر کردار کو سراہتے ہوئے ان کو ہدایت کی کہ وہ ترکیہ حکومت اور پاکستانی اداروں کے درمیاں روابط کر مزید مضبوط کریں۔ اجلاس کو بتایا گیا  امدادی سامان اور ریسکیو ٹیمیں اس وقت ترکیہ اور شام پہنچ چکی ہیں اور امدادی کارروائیوں میں ہاتھ بٹا رہی ہیں جبکہ پی آئی اے مسلسل پروازوں سے لاہور اور اسلام آباد سے ترکیہ اور شام سامان کی ترسیل یقینی بنا رہا ہے۔ مزید برآں آئندہ چند دن میں ٹرکوں کے  قافلے بذریعہ ایران امدادی سامان لے کر ترکیہ اور شام روانہ ہوں گے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ زلزلہ زدگان کی امداد کیلئے ملک گیر آگاہی مہم جاری ہے۔ وزیرِ اعظم کے زلزلہ زدگان کیلئے قائم کردہ فنڈ کے اکاؤنٹ نمبر G-12166 میں امدادی رقوم جمع کروائی جاسکتی ہیں۔  این ڈی ایم اے ملک بھر میں 13 کلیکشن سینٹرز بنا چکی ہے۔  ہر ضلع میں توسیع دی جا رہی ہے۔ درکار امدادی سامان میں سرد موسم کی مناسبت سے خیمے، گرم کپڑے، کمبل، موزے، بچوں کی تیار خوارک وغیرہ شامل ہیں۔  زخمیوں کے علاج کیلئے پاکستان کی طرف سے مزید ایک ایک موبائل ہسپتال ترکیہ اور شام روانہ کیا جا رہا ہے ۔ اجلاس میں وفاقی وزراء اسحاق ڈار، احسن اقبال، مریم اورنگزیب، خواجہ سعد رفیق، معاون خصوصی طارق فاطمی، چیئرمین این ڈی ایم اے ، اور پاکستان کے ترکیہ میں سفیر کے علاوہ متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔  وزیراعظم نے کہاکہ مصیبت کی اس گھڑی میں پاکستان ترکیہ جیسے اپنے دیرینہ دوست کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ کمیٹی کا روزانہ کی بنیادوں پر اجلاس  امدادی سامان کی ترکیہ اور شام  ترجیحی بنیادوں پر ترسیل یقینی بنائے گا۔ وزیر اعظم نے کہاکہ پاکستان کی ریسکیو ٹیمیں اور پاک فوج کی ٹیمیں بھی ترکیہ میں بہتریں طریقے سے امدادی کارروائیوں میں حصہ لے رہی ہیں۔ شہباز شریف نے کہاکہ پوری پاکستانی قوم سے اپیل ہے کہ ترکیہ اور شام میں جس قدر ہو سکے اپنے مسلمان بہن بھائیوں کی مدد کریں۔ راولپنڈی سے اپنے سٹاف رپورٹر کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے ڈویژنل صدر ملک ابرار احمد نے جمعرات کو وزیراعظم میاں شہباز شریف سے ملاقات کی اور 19 فروری کو راولپنڈی میں ورکرز کنونشن کے حوالے سے تیاریوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ ملک ابرار احمد نے کہا کہ زلزلے سے متاثرہ ہمارے ترکیہ کے بہنوں، بھائیوں اور بچوں کیلئے راولپنڈی ڈویژن میں ریلیف کیمپ لگائے  جائیں گے اور فنڈ ریزنگ بھی کی جائے گی۔

ای پیپر-دی نیشن