3 بینظیر قتل کیس، ملزم رفاقت کو پیش نہ کرنے پر عدالت برہم، سی پی او راولپنڈی طلب
راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے) لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس مرزا وقاص رئوف اور جسٹس چوہدری عبدالعزیز پر مشتمل ڈویژن بنچ نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو قتل کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری کی جانب سے دائرکی گئی اپیل سمیت دیگر اپیلوں کی سماعت کی۔ سابق صدر آصف علی زرداری کے وکیل سردار عبداللطیف کھوسہ پیروی کر رہے ہیں۔ فاضل بنچ نے سماعت کے دوران ملزم رفاقت کو پیش نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کیا اور قرار دیا کہ پولیس کو کیس کی اہمیت کا احساس نہیں ہے۔ عدالت نے استفسار کیا کہ ملزم رفاقت لاپتہ کیسے ہوا۔ عدالت عالیہ نے سی پی او راولپنڈی کو آئندہ سماعت پر عدالت میں پیش ہونے کیلئے طلب کر لیا۔ لطیف کھوسہ نے لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے نظام عدل پر سوالیہ نشان ہے کہ 2007ء کا کیس ابھی بھی زیر سماعت ہے۔ ہماری ایف آئی آر ہی درج نہیں کی گئی۔ کرائم سین کو فوری طور پر دھو دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر بینظیر بھٹو کو انصاف نہیں مل سکتا تو عام آدمی کا اعتماد نظام عدل سے اٹھ جائے گا۔
بینظیر قتل کیس