کوٹری: علامہ اقبال ایکسپریس ٹریک بدلتے 2حصوں میں تقسیم‘ حادثے سے بچ گئی
حیدرآباد (اے پی پی) کوٹری میں علامہ اقبال ایکسپریس بڑے حادثے سے بال بال بچ گئی۔ ٹریک تبدیل کرتے ہوئے ٹرین دو حصوں میں تقسیم ہو گئی۔ کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ تاہم ریلوے ٹریفک کئی گھنٹے تک معطل رہی۔ سیالکوٹ سے کراچی جانے والی 10ڈائون علامہ اقبال ایکسپریس کوٹری ریلوے سٹیشن پر پٹڑی تبدیل کرتے ہوئے دو حصوں میں تقسیم ہوگئی جس سے مسافروں میں خوف وہراس پھیل گیا تاہم کوئی جانی نقصان ہوا نہ کوئی زخمی ہوا۔ ٹرین پٹڑی پر ہی موجود رہی۔ ریلوے حکام کے مطابق کوٹری ریلوے سٹیشن کی حد میں داخل ہوتے ہوئے علامہ اقبال ایکسپریس پٹڑی تبدیل کر رہی تھی کہ کلپ ٹوٹ گیا جس سے ٹرین دو حصوں میں تقسیم ہو گئی لیکن ٹرین کی رفتار معمول سے کم تھی اس لیے کوئی نقصان نہیں ہوا تاہم ٹریک کی مرمت کرتے ہی ٹرینوں کی آمد و رفت بحال کر دی گئی ہے۔ علامہ اقبال ایکسپریس کے مذکورہ حادثے کی وجہ سے کئی گھنٹے ڈائون ٹریک پر ٹریفک معطل رہی۔ مہران ایکسپریس، تیز گام، پاکستان، قراقرم ایکسپریس اور ملت ایکسپریس کو حیدرآباد ریلوے سٹیشن پر روک لیا گیا تھا۔
ٹرین تقسیم