مشرف کی ملک و قوم، آزادی کشمیر کیلئے خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی: زبیر احمد ظہیر
لاہور ( نوائے وقت رپورٹ) اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے سربراہ اور مرکزی جماعت اہلحدیث پاکستان کے امیر علامہ زبیر احمد ظہیر نے پرویز مشرف مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایک عظیم سپہ سالار، سچے، مخلص اور محب وطن آرمی چیف تھے۔ انہوں نے بطور آرمی چیف پاکستان کے دفاع اور معاشی استحکام کا فریضہ نہایت احسن انداز میں سر انجام دیا۔ ملک وملت، حرمین الشریفین اور آزادی کشمیر کیلئے ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ وہ گزشتہ روز پرویز مشرف مرحوم کی وفات پر جامعہ عمر بن عبدالعزیز گلبرگ لاہور میں ایک تعزیتی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اجلاس کی صدارت سابق ایم پی اے ریٹائرڈ لیفٹیننٹ کرنل شجاعت احمد خان نے کی۔ علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا کہ وفات شدگان اور مرحومین کے عیبوں کو بیان کرنا یا ان سے بغض اور نفرت رکھنا یہ سراسر غیر اسلامی اور جہالت پر مبنی فعل ہے۔ ہم سینٹ میں دعائے مغفرت میں رکاوٹ ڈالنے والوں کی شدید مذمت کرتے ہیں اور چیرمین سینٹ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اپنی سروس اور دورِ اقتدار میں ملک پر آنچ نہ آنے دینے والے اور ہندو بنیے کے سینے پر مونگ دلنے والے عظیم سپہ سالار کو ان کے شایانِ شان خراجِ عقیدت پیش کرنا چاہیے۔ آخر میں علامہ زبیر احمد ظہیر نے جنرل پرویز مشرف کیلئے دعائے مغفرت کروائی ۔
زبیر احمد ظہیر