پارٹیوں نے سسٹم یرغمال بنا رکھا، حکومت آئی ایم ایف کے سامنے سرنڈر: سراج الحق
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی نے پورے سسٹم کو یرغمال بنا رکھا ہے۔ حکمران گڈ گورننس کے عالمی سطح پر موجود انڈیکیٹرز میں سے ایک پر بھی پورا نہیں اترتے۔ حکومت ایک طرف معیشت کی خرابی کا رونا رو رہی، دوسری جانب وزیروں اور مشیروں کی فوج ظفر موج بھرتی کی جا رہی ہے۔ پی ڈی ایم اور پیپلزپارٹی بطور اپوزیشن اشیائے خورونوش، پٹرول، بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف لانگ مارچز کرتی تھیں، حکومت میں آ کر عوام پر مہنگائی کے کوڑے برسا رہی ہیں۔ مہنگائی، بے روزگاری نے لوگوں کا جینا حرام کر دیا۔ حکومت کا آئی ایم ایف کے سامنے مکمل سرنڈر ہو گیا، سارے فیصلے عالمی مالیاتی ادارے نے کرنے ہیں تو پارلیمنٹ اور کابینہ کا کیا فائدہ؟۔ قوم کو بند کمروں میں ہونے والے فیصلے قبول نہیں۔ جماعت اسلامی مہنگائی کے خلاف تین روزہ عوامی مارچ کا آغاز کر رہی ہے، ہمارا ایجنڈا عدل و انصاف اور قانون کی حکمرانی، سود اور کرپشن کا خاتمہ اور جدید اسلامی فلاحی ریاست کا قیام ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ بعدازاں انہوں نے جامعہ دارالعلوم منصورہ میں تقریب تکمیل بخاری شریف میں بھی شرکت کی اور علماء اور طلبہ پرزور دیا کہ وہ ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ کے لیے جدوجہد میں تیزی لائیں۔ دریں اثنا امیر جماعت نے کہا ہے کہ پورے ملک میں قومی و صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات ایک ہی روز ہونے چاہئیں۔ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کو خط میں انہوں نے الیکشن کمیشن پر زور دیا کہ اس عوامی تاثر کو دور کیا جائے کہ حکومت اور کچھ قوتیں عام انتخابات کو موخر کرانا چاہتی ہیں۔ اپوزیشن کے 100 سے زائد ارکان کے استعفے منظور ہونے کے بعد قومی اسمبلی اپنی قدرو قیمت کھو چکی ہے۔
سراج الحق