• news

الخدمت فاؤنڈیشن :ترکیہ ،شام کے زلزلہ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں

لاہور (خصوصی نامہ نگار)الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے ترکیہ اور شام میں زلزلہ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدر ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے بتایا کہ امدادی سرگرمیوں کو تیز کرنے کیلئے ’’قرض بھی، فرض بھی‘‘مہم کا آغاز کر دیا گیا۔ ترک عوام نے پاکستان میں کسی بھی آفت پر دل کھول کر مدد کی اور اب جبکہ انہیں ہماری ضرورت ہے تو ہم بھی ان کی داد رسی میں کسی طور پیچھے نہیں رہیں گے۔ الخدمت فاؤنڈیشن ملک اور بیرون ممالک سے ترک بہن بھائیوں کیلیے عطیات جمع کر رہی ہے اور ترکیہ میں برادر تنظیموں کی مدد سے پکے پکائے کھانے،  فوڈ پیکج ،گرم کپڑوں، خیموں، بستروں اور کمبلوں کی فراہمی جاری ہے۔ ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کی ڈاکٹرز کی ٹیم ضروری سامان اور ادویات کے ہمراہ ترکیہ پہنچ رہی ہے اور جلد متاثرہ علاقوں میں میڈیکل آپریشنز کا آغاز کر دے گی۔ دوسری جانب الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے نائب صدر محمد عبدالشکور زلزلہ متاثرین کی داد رسی اور امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کے لیے اپنی ٹیم کے ہمراہ ترکیہ پہنچ گئے ہیں جہاں انہوں نے ترک رفاعی ادارے حیرات فاؤنڈیشن  اور آئی ایچ ایچ کے عہدیداران کے ساتھ ساتھ پاکستانی نوجوانوں کے ساتھ ملاقات کی۔

ای پیپر-دی نیشن