کمشنر لاہور کاچوبرجی کا دورہ ،حاجی کیمپ تا راوی تک بارشی ڈرین کی تعمیر کا جائزہ
لاہور(خبرنگار)کمشنر لاہور چوہدری محمد علی رندھاوا نے مفاد عامہ پراجیکٹس کی جلد تکمیل کیلئے چوبرجی کا دورہ کیا اورحاجی کیمپ تا راوی تک بارشی ڈرین کی تعمیر پر پیشرفت کا جائزہ لیا۔ کمشنر لاہور کو ایم ڈی واسا غفران احمد نے تفصیلاً بریفنگ دی۔ کمشنر لاہور نے چوبرجی سیکشن پر کام کی تکمیل کیلئے ڈیڈلائن طلب کر لی۔ ایم ڈی واسا نے کمشنر لاہور کو بتایا کہ پلینٹیریم تا چوبرجی سیکشن کو 3دنوں میں ایک طرف کی ٹریفک کیلئے کھول دیا جائیگا۔ کمشنر لاہور نے کہا کہ ٹریفک افسران کو ہدایت کردی گئی ہے کہ وہ واسا کے ساتھ مکمل رابطہ کار رکھیں گے۔ شہریوں کو ڈائورژن لگا کر رہنمائی کریں۔ کمشنر لاہور کو بریفنگ دی گئی کہ حاجی کیمپ تا راوی 9.46 کلومیٹر بارشی ڈرین میں سے 6.96 کلومیٹر حصہ مکمل کر لیا گیا ہے۔ حاجی کیمپ، نکلسن روڈ، میکلورڈ روڈ، پرانی انارکلی، نیپئر روڈ سیکشنز کو مکمل کیا جا چکا ہے۔ نابھہ روڈ، چوبرجی، شام نگر، بند روڈ سیکشنز پر کام جاری ہے۔ کمشنر لاہور نے بریفنگ ڈاکومنٹ پر جاری کاموں کی تکمیل کیلئے متوقع ڈیڈ لائنز تحریر کردیں۔ جبکہ چوہدری محمد علی رندھاوا نے صاف روشن سرسبز لاہور مہم کے حوالے سے دہلی دروازہ، سرکلر روڈ صفائی ہدف اور دہلی گیٹ چوک پر تھری بن سسٹم و آگاہی کیمپ کا افتتاح کیا۔ شہر صفائی کیلئے تھری بن سسٹم ناگزیر ہے جو پورے شہر میں نصب کی جارہی ہیں۔ ایل ڈبلیو ایم سی مارکیٹس، مین چوراہوں اور سکوائرز پر تھری بن سسٹم لگا رہی ہے۔ تھری بن سسٹم سے کوڑا کرکٹ اور کچرے کی تقسیم سے کنٹینرز بروقت خالی ہونا یقینی بن جائیگا۔ انہوں نے ڈمپنگ سائٹ کنٹینرز پر کنٹینرز خالی کرنے کا شیڈول تحریر کرنے کا حکم جاری کردیا۔