پی ایس ایل سے پاکستان ٹیم کیلئے منتخب ہونا چاہتا ہوںـ: عرفات منہاس
لاہور ( سپورٹس رپورٹر) پاکستان سپر لیگ کی ٹیم ملتان سلطانز کے کھلاڑی عرفات منہاس نے کہا ہے کہ جانتا ہوں یہ لیگ نوجوان کرکٹرز کے لیے کتنا اہم پلیٹ فارم ہے، اس سے فائدہ اٹھانے کی پوری کوشش کروں گا۔ چاہتا ہوں پی ایس ایل میں اچھا پرفارم کر کے خود کو اچھا آل رائونڈرد ثابت کروں اور پاکستان سکواڈ میں جگہ بنائوں۔ پی ایس ایل نے ماضی میں کئی نوجوان کرکٹرز کو فرش سے اٹھا کر عرش تک پہنچایا اور انہیں یقین ہے کہ وہ بھی اس لیگ کے دوران اپنے سفر میں تیزی لاسکتے ہیں۔18سالہ عرفات منہاس پاکستان انڈر 19ٹیم کا حصہ رہ چکے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اگلے 2 سال ان کیلئے کافی اہم ہیں، ان 2 سال میں وہ کافی محنت کرینگے کیونکہ یہی محنت ان کے مستقبل کی راہوں کا تعین کریگی۔ ملتان سلطانز کا حصہ بننے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے عرفات منہاس نے کہا کہ وہ لیگ کھیلنے پر کافی خوش اور ایکشن کیلئے پر جوش ہیں، کوشش کرینگے کہ اچھی کارکردگی سے ٹیم کو جتوانے کی کوشش کریں اور ٹیم کی قوت کو بنا کر رکھیں۔ ٹم ڈیوڈ، ڈیوڈ ملر اور رائلی روسو جیسے پلیئرز کیساتھ ڈریسنگ روم شیئر کرنا بڑا موقع ہے، یہ دنیا کے بہترین ہٹرز ہیں، کوشش ہوگی کہ ان سے پاور ہٹنگ کا آرٹ سیکھوں۔ ان کی خواہش ہے کہ ڈیوڈ ملر سے میچ کو فنش کرنے کا گر سیکھوں کیونکہ ملر دنیا کے بہترین فنشر ہیں اور آج کل کی کرکٹ میں فنشر کی کافی اہمیت ہے۔ وہ مختلف ایج گروپ کی کرکٹ کھیل کر یہاں تک پہنچے ہیں، 10 سال کے تھے اس وقت سے کرکٹ کھیل رہے ہیں، والد کی خواہش تھی کہ وہ کرکٹر بنیں، وہ تو کرکٹر نہ بن سکیں لیکن مجھے گراونڈ لے کر جایا کرتے تھے اور اب میں ان کا شوق پورا کررہا ہوں۔