کو ہلو : آپریشن کے دوران دھماکہ ، پاک فوج کے 2افسر شہید
اسلام آباد (خبرنگارخصوصی‘ نوائے وقت رپورٹ) بلوچستان کے علاقے کوہلو میں آپریشن کے دوران آئی ای ڈی دھماکے سے پاک فوج کے دو افسران شہید ہو گئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز کی جانب سے بلوچستان کے علاقے کوہلو میں مصدقہ انٹیلی جنس اطلاعات پر سینیٹائزیشن آپریشن کیا گیا۔ علاقے کی کلیئرنس کے دوران آئی ای ڈی دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 2 افسران شہید ہو گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق مادر وطن کے دفاع میں میجر جواد اور کیپٹن صغیر نے جام شہادت نوش کیا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ امن دشمنوں کو پکڑنے کے لیے علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے، دشمن عناصر کی بزدلانہ کارروائیاں بلوچستان کا امن، خوشحالی سبوتاژنہیں کر سکتیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز جان کی قیمت پر بھی امن دشمنوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے کے لیے پرْعزم ہیں۔ آئی ایس پی آر نے بیان میں کہا ہے کہ علاقے میں دہشت گردوں اور امن دشمنوں کی تلاش کیلئے آپریشن جاری ہے۔ آئی ایس پی آ ر کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ سکیورٹی فورسز اپنے خون اور جان کی قیمت پر بھی دشمنوں کے ناپاک عزائم پورے نہیں ہونے دیں گی۔