• news

 کار سر کار میں مڈاخلت کیس ، عمران 15فروری کو آئیں نہ آئیں ضمانت پر فیصلہ دیدینگے: عدالت 


اسلام آباد (وقائع نگار) انسداد دہشتگردی عدالت نے الیکشن کمشن کے فیصلہ کے خلاف پی ٹی آئی کا احتجاج اور کار سرکار میں مداخلت کیس میں عمران خان کی طبی بنیادوں پر دائر حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر طلب کرلیا۔ بابر اعوان ایڈووکیٹ نے عمران خان کی طبی بنیادوں پر حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کرتے ہوئے کہاکہ عمران خان زخمی ہیں جس کے باعث پیش نہیں ہو سکتے، 21 اکتوبر کو مقدمہ ہوا اور 24 کو عمران خان کی ضمانت ہوئی۔ پراسیکیوٹر نے کہا کہ جتنے میڈیکل دیے گئے ہیں وہ شوکت خانم کے ہیں، شوکت خانم کا میڈیکل قانونی طور پر لیگل نہیں ہے، یہاں قانون کا مذاق اڑایا جارہا ہے۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ عمران خان کی زمان پارک سے ایک ویڈیو جاری ہوئی جس میں وہ پیدل چلتے نظر آئے۔ عدالت نے بابر اعوان ایڈووکیٹ سے کہا کہ آپ عمران خان کی مستقل ضمانت پر دلائل دیں، عمران خان 15 فروری کو آئیں یا نہ آئیں ہم ضمانت پر فیصلہ دے دیں گے، پہلے یہ بتا دیں کہ دہشتگردی کی دفعات کیس میں کیسے لگی ہے، پراسیکوٹر ثابت کریں کہ عمران خان کی ایما پر یہ سب لوگ یہاں اکٹھے ہوئے۔ بابر اعوان نے ضمانت قبل از گرفتاری پر دلائل دئیے گئے۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر عمران خان کو حاضری یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہاکہ عمران خان پیش ہوئے تو ٹھیک نہیں تو ضمانت قبل از گرفتاری پر آرڈر دے دیں گے اور سماعت 15 فروری تک کیلئے ملتوی کر دی گئی۔دوسری جانب سول جج حسن چشتی کی عدالت نے لانگ مارچ کے دوران توڑپھوڑ اور کار سرکار میں مداخلت سے متعلق کیس میں عمران خان کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔ پراسیکیوشن کی جانب سے مقدمہ کا چالان جمع کروا دیا گیا۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر عمران خان کو ذاتی حیثیت میں طلب کرتے ہوئے سماعت 29 مارچ تک ملتوی کردی۔

ای پیپر-دی نیشن