عدلیہ نے آئین کی سربلندی قائم رکھی، الیکشن شیڈول فوری دیا جائے: پرویز الٰہی
لاہور (خصوصی نامہ نگار) سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کا کوئی رہنما اقتدار میں شامل ہونے سے رہ تو نہیں کیا گیا؟۔ حکومت انتقام میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہا پی ڈی ایم کا کوئی رہنما رہ تو نہیں گیا جو وزیر، وزیرمملکت، معاون خصوصی یا کسی محکمے کا سربراہ نہ بنا ہو، آئین کو پامال کرنے والوں کا آئین ہی احتساب کرے گا، نگران سیٹ اپ الیکشن کروانے کی بجائے من پسند متعصب آفیسرز کی تقرریوں میں مصروف ہے۔ پی ڈی ایم کی قیادت کو الیکشن میں اپنی شکست صاف نظر آرہی ہے، چودھری پرویز الٰہی سے سنیئر وکلا جہانگیر اے جھوجھہ، اشتیاق اے خان اور رانا ذوالفقار نے ملاقات کی۔ راجہ بشارت، محمود الرشید، چودھری خالد عمر سدھو، خبیب بلوچ، سرمد چٹھہ، مدثر ظہور، طیب کاہلوں، رانا اسد منیر، میاں احتشام اور حبیب الرحمن بھی ملاقات میں موجود تھے۔ ملاقات میں حکومت کی جانب سے سیاسی مخالفین کو لاپتا کرنے، غیر آئینی اقدامات اور غیر قانونی گرفتاریوں پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ پرویز الٰہی نے کہا کہ پی ڈی ایم کی قیادت کا سارا فوکس صرف وزراء بنانے پر ہے۔ پرویز الٰہی نے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیا ہے۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ عدلیہ سے انصاف کی امید تھی عدلیہ نے آئین کی سربلندی قائم رکھی۔ اس فیصلے سے عدلیہ کے وقار میں اضافہ ہوا ہے۔ الیکشن کمشن کو لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد اب دیر نہیں کرنی چاہئے۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ الیکشن کمشن فوری الیکشن شیڈول کا اعلان کرے۔