علی امین گنڈا پور کی ضمانت پر رہائی، آئین کے مطابق الیکشن کرائے جائیں: پی ٹی آئی رہنما
اسلام آباد (وقائع نگار) انسداد دہشتگردی عدالت کے جج راجہ جواد عباس حسن کی عدالت نے احتجاج پردرج مقدمہ میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء علی امین گنڈا پور کی عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے فریقین کو جواب کیلئے نوٹس جاری کردیئے۔گزشتہ روز درخواست ضمانت قبل از گرفتاری پر سماعت کے دوران عدالت نے ایک لاکھ روپے مالیتی مچلکوں کے عوض علی امین گنڈاپور عبوری ضمانت منظورکرتے ہوئے فریقین کوجواب کیلئے نوٹس جاری کردیے، اس موقع پر درخواست گزار وکیل نے1 لاکھ روپے مالیتی مچلکوں کو کم کرنے کی استدعاکرتے ہوئے کہاکہ ضمانتی مچلکے 10 ہزار کردیں، علی امین گنڈاپور کی انسدادِ دہشتگردی عدالت کے باہر میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ موجودہ حکومت سیاسی انتقام لینے کے لیے مقدمات درج کر رہی ہے،آئین کے مطابق انتخابات کروائے جائیں، اب تک تاریخ نہیں دی گئی،تحریک انصاف جیلوں سے نہیں ڈرتی، جیلوں میں جانے کو تیار ہیں، جیل میں جگہ کم پڑ جائیگی، تحریک انصاف کا اتنا بڑا جلوس جیل جائیگا۔