صوبا ئی اپیکس کمیٹی اجلاس ، پی ایس ایل ، مردم شماری ، ضمنی انتکابات کی سکیورٹی کا جا ئزہ
لاہور (نیوز رپورٹر) صوبائی اپیکس کمیٹی کا اجلاس وزیراعلیٰ آفس لاہور میں ہوا۔ اجلاس کی صدارت نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کی۔ کور کمانڈر لاہور، اعلیٰ عسکری وسول حکام نے صوبائی اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کی۔ پولیس لائنز پشاور کی مسجد میں بزدلانہ حملے کی شدید مذمت کی گئی اور خیبر پی کے کے عوام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔ شرکاء نے نیشنل ایکشن پلان پر پیشرفت اور سیف سٹی پراجیکٹ سمیت سکیورٹی کی مجموعی صورتحال سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔ پی ایس ایل ٹورنامنٹ، مردم شماری اور ضمنی انتخابات کے حوالے سے سکیورٹی کے موثر انتظامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ صوبائی اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ دہشت گردی کو شکست دینے اور عوام کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے مزید جذبے اور ہم آہنگی سے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔ علاوہ ازیں محسن نقوی نے ایکسپو سینٹر میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کے فوڈ ایکسپو 2023کا افتتاح کیا۔ نگران وزیراعلیٰ نے سٹالز کا معائنہ کیا۔ پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے دستکاریوں کے سٹال کا بھی وزٹ کیا اور سٹالز میں موجود اشیاء اور دستکاریوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ فوڈ ایکسپو کے ذریعے مقامی اور بین الاقوامی فوڈ بزنس کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ فوڈ ایکسپو شہریوں کیلئے ہے ، شہری فوڈ ایکسپو آ کر تفریح کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔ فوڈ ایکسپو میں 77 سٹال لگائے گئے ہیں۔ محسن نقوی نے امجد اسلام امجد کے انتقال پر گہرے رنج اور افسوس اور سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کا اظہار کیا ہے۔