(ن)لیگ کی ایک ہی پالیسی ہے ووٹ سے نجات پائو: حماد اظہر
لاہور( این این آئی)پاکستان تحریک انصاف وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری حماد اظہر نے کہا ہے کہ این اے 126 میں ہونے والے ضمنی انتخاب کے لئے میرے کاغذات نامزدگی منظور کر لئے گئے۔ مسلم لیگ (ن)کی اس وقت ایک ہی پالیسی ہے کہ ووٹ سے نجات پائو۔
میرے مدمقابل مسلم لیگ (ن)کے روایتی امیدوار مہر اشتیاق نے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے جس سے ثابت ہوتا ہے مسلم لیگ (ن)انتخاب سے بھاگ رہی ہے ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت سے مفتاح اسماعیل کے دور میں بھی غفلت ہوئی ،آئی ایم ایف سے ابھی معاہدہ نہیں ہوا ،اسحاق ڈار کے دور میں تباہی زیادہ ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ مرضی کے نہیں بلکہ آئین وقانون کے مطابق فیصلے ہوں گے ،موجودہ الیکشن کمیشن کا صرف ایک ہی مقصد ہے کہ انتخابات نہ کرائے جائیں ،ایک طرف معیشت خطرے میں ہے اور دوسری طرف جمہوریت خطرے میں ہے ،مسلم لیگ (ن)کی اس وقت ایک ہی پالیسی ہے کہ ووٹ سے نجات پائو، یہ اب انتخابات سے ہمیشہ فرار اختیار کریں گے ،پہلے یہ گرائونڈ میں جلسے کرتے تھے اب شادی حال میں رکھتے ہیں،وقت آئے گا یہ کمروں میں جلسے کریں گے۔