• news

سرگودھا، شیخوپورہ سمیت کئی شہروں میں پٹرول بحران جاری، شہری پریشان 


سرگودھا؍ پسرور؍ شیخوپورہ؍ قصور؍ چیچہ وطنی (نمائندہ خصوصی+ نمائندگان نوائے وقت)سرگودھا  میں پٹرول کی قلت  کے باعث  پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں متوقع مزید اضافہ کے امکانات کے باعث بیشتر پٹرول پمپوں نے فروخت بند کر دی اور بعض پٹرول پمپوں پر قطاروں میں موٹر سائیکل کو دو سو روپے اور گاڑیوں کو پانچ سو روپے کا پٹرول دستیاب ہے پسرور سے نمائندہ نوائے وقت  کے مطابق  پسرور ،چونڈہ، بڈیانہ ، کنگرہ ، سوکن ونڈ و گردونواح تحصیل بھر میں غیر قانونی منی پیٹرول پمپ مالکان نے پیٹرول 290سے 300روپے میں سرعام فروخت کر رہے ہیں جس پر شہریوں کا کہنا ہے کہ محکمہ سول ڈیفنس نے ان مالکان سے مبینہ طور پر منتھلیاں طے کر رکھی ہے جسکی وجہ سے سرعام مہنگے داموں پیٹرول کی فروخت جاری ہے اور انتظامیہ ان کے خلاف کاروائی کرنے سے گریزاں نظر آ رہی ہے شہریوں نے ارباب اختیار سے فوری نوٹس کا مطالبہ کیا ہے ۔قصور سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق قصور  پیٹرول مافیا نے پیٹرول کی مصنوعی قلت پیدا کردی ضلع بھر کے بیشتر پیٹرول پمپس مالکان نے سیل بند کردی بورڈ آویزاں کررکھے ہیں۔ضلعی انتظامیہ نے پیٹرول کی مصنوعی قلت پیداکرنے والوں کے خلاف ایکشن لینا شروع کردیاہے۔مگر تگڑے پیٹرول مافیائنے ضلعی انتظامیہ کوماموں بنارکھاہے عوام پیٹرول کے حصول کے لئے خوار متعدد شاہراہوں پرگاڑیوں میں پیٹرو ل نہ ہونے کی وجہ سے عوام گاڑیوں کودھکا لگواکر پیٹرول پمپ تک لے جاتے نظر آرہے تھے۔قصور اورگردونواح میں پیٹرول مافیا نے پیٹرول کی مصنوعی قلت پیداکرکے عوام کوذلیل وخوار کرنا شروع کردیا پٹرول نہ ملنے کی وجہ سے  عوام کوشدید مشکلات کاسامنا کررکھاہے،کسی نہ کسی علاقے میں کوئی اکادوکا پیٹرول پمپ اسٹیشن پیٹرول کی سپلائی کررہے ہیں مگر وہاں پر گاڑیوں کی لمبی قطاروں نظر آرہی ہے گھنٹہ بھر انتظار کے بعد چند لیٹر پیٹرول ڈیزل ہی فراہم کیاجارہاہے۔شیخوپورہ  سے نمائندہ خصوصی کے مطابق  ڈائریکٹر جنرل سو ل ڈیفنس نے پنجاب کے مختلف شہروں میں گلیوں محلوں کاروباری اداروں میں منی پٹرول پمپوں کو سکیورٹی رسک قرار دیتے ہوئے ان کیخلاف فوری کریک ڈائون کے احکامات جاری کر دیئے ہیںا س سلسلہ میں ڈی جی سول ڈیفنس نے مختلف ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں جو لاہور ،شیخوپورہ سمیت مختلف شہروں میں چھاپے مارکر منی پٹرول پمپ چلانے والوں کیخلاف قانونی کاروائی عمل میںلائیں گی اور ان کی مشینیں بھی قبضے میں لینے کے احکامات جاری کیے ہیں ۔ چیچہ وطنی اور گردو نواح میں پٹرول کی قلت برقرار، پٹرول پمپ پر پیمانوں میں ہیر پھیر بھی جاری، پمپ مالکان کی شہریوں سے بدتمیزی معمول بن گئی، کوئی پوچھنے والا نہیں، متاثرین نے وزیراعلیٰ پنجاب سے پیٹرول مافیا کیخلاف سخت کارروائی کرنے کی اپیل کی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن