• news

مہنگائی کیخلاف پی ٹی آئی کی گوجرانوالہ‘ چونیاں‘ فیصل آباد میں ریلیاں‘ نعرے بازی


گوجرانوالہ‘ فیصل آباد‘ چونیاں (نمائندگان خصوصی‘ نمائندہ نوائے وقت) پی ٹی آئی این اے 74 اور پی پی 53کے زیر اہتمام ’’الیکشن کرائو ملک بچائو‘‘ـ احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت سابق ایم این اے وٹکٹ ہولڈر این اے74میاں طارق محمود اور ٹکٹ ہولڈر پی پی53چوہدری جمال ناصر چیمہ نے کی۔ ریلی آصف فلور ملز گکھڑ سے شروع ہو کر راہوالی شوگر ملز چوک میں اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے میاں طارق محمود نے کہا کہ حکمران پاکستان کو تباہی کے دہانے پر لے آئے ہیں۔ عمران خان کو مائنس کرنے کی کوششیں کرنے والوں نے ملک کا دیوالیہ نکال کر رکھ دیا ہے۔ پاکستان کی معاشی صورتحال جتنی آج خراب ہے تاریخ میں کبھی نہ تھی۔ ریلی میں  پارٹی عہدیداران، سابق بلدیاتی نمائندگان اور کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر عمران خان کے حق میں زبردست نعرے بازی بھی کی گئی۔ مہنگائی کے خلاف پی ٹی آئی کی جانب سے چونیاں میں ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت سابق صوبائی وزیر سردار محمد آصف نکئی نے کی۔ ریلی واں آدھن ڈیرہ سے چلتی ہوئی چونیاں۔ الہ آباد تک جاری رہی جس میں سیاسی سماجی شخصیات، کارکنان اور لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکا نے ریلی میں مہنگائی اور حکومت کے خلاف خوب نعرے بازی کی۔ فیصل آباد میں الیکشن کرائوملک بچائو‘مہنگائی ‘پٹرول اوربجلی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے حوالہ سے مرکزی سیکرٹری اطلاعات فرخ حبیب کی زیر قیادت ریلی نکالی گئی۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ مسلط کردہ حکومت کا ہر گزرتا دن عوام کی زندگی اجیرن بنا رہا ہے ۔ ہوشربا مہنگائی ‘ پٹرول ‘ بجلی ‘ گیس ‘ آٹے کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافے کے ساتھ ساتھ تمام اشیائے ضروریہ کی قیمتیں آسمانوں کو چھو رہی ہیں۔امپورٹڈ حکومت پی ٹی آئی کے دور حکومت میں شروع کردہ فلاحی منصوبوں پر شب خون مارنے سے اجتناب کرے۔ ملک میں جب بھی الیکشن ہوئے تحریک انصاف بھاری اکثریت سے جیتے گی۔

ای پیپر-دی نیشن