بھارتی جیلوں سے رہائی پانے والے16 ماہی گیر وطن پہنچ گئے
کراچی (آئی این پی) بھارتی جیلوں میں قید 16 ماہی گیر سزا پوری ہونے کے بعد پاکستان پہنچ گئے، 4 ماہی گیروں کا تعلق آزاد کشمیر سے تھا جنہیں واہگہ بارڈر سے آبائی علاقے روانہ کر دیا گیا جبکہ 12ماہی گیروں کا تعلق کراچی سمیت اندرون سندھ سے تھا۔ ماہی گیر ایدھی سینٹر ٹاور پہنچے تو ان کے پیاروں کی جانب سے پرتپاک استقبال کیا گیا۔
اور پھولوں کے ہار پہنائے گئے، کم و بیش 9 سال بعد رہا ہونے والے ماہی گیروں کے اپنوں سے ملنے پر جذباتی مناظر بھی دیکھنے میں آئے، ماہی گیر اپنے پیاروں سے لپٹ لپٹ کر رونے لگے۔ رہائی پانے والے ماہی گیروں میں عبدالسلام، شبیر احمد، محمد رفیق، میر، لالو، مقبول شاہ ، جمن، عثمان، عالم، اللہ وسایا، ساون اور متھن بھی رہا ہونے والوں میں شامل ہیں۔ترجمان ایدھی فانڈیشن کے مطابق رہائی پانے والے ماہی گیروں کو سال 2013 اور سال 2014 میں سمندری حدود کی خلاف ورزی پر بھارتی حکام نے گرفتار کیا تھا، رہائی پانے والے ماہی گیروں کو ایدھی فانڈیشن کی جانب سے فی فکس 5 ہزار اور فشر مینز کوآپریٹو سوسائٹی کی جانب سے فی کس 20 ہزارروپے دیے گئے۔