لاپتہ شہری آصف کے والد ایس پی سٹی کو درخواست دیں: چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ
اسلام آباد(وقائع نگار)اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامرفاروق کی عدالت نے جھنگ پولیس کی اسلام آباد میں کارروائی کے دوران کانسٹیبل اخلاق کے شہید ہونے کے واقعہ میں پولیس وین کے لاپتہ ڈرائیور محمد آصف کی بازیابی کیلئے دائر درخواست میں ایس پی سٹی کو معاملہ بھیجتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی اور ہدایت کی ہے کہ ایس پی سٹی ایک ہفتے میں رپورٹ پیش کریں۔گذشتہ روزسماعت کے دوران لاپتہ شہری کے والد اپنے وکیل ایڈوکیٹ عمران کے ساتھ عدالت میں پیش ہوئے اور موقف اختیار کیاگیاکہ جھنگ پولیس اسلام آباد میں اشتہاری ملزمان کو پکڑے آئی،دوران کاروائی ملزمان کو پکڑلیا گیا تاہم جوابی فائرنگ سے کانسٹیبل اخلاق شہید ہوگیا،پولیس وین کا ڈرائیور آصف جو لاپتہ ہے معجزانہ طور پر بچ گیا،پولیس نے آصف اور اسکے کزن عمران کو پکڑ کر بنی گالہ اور تھانہ پھلگراں میں بند کیا،اگلے روز عمران خان کی ضمانت ہوگئی اور وہ باہر آگیا۔شہید کانسٹیبل کے اہل خانہ یا کسی نے بھی لاپتہ آصف کو کہیں نامزد نہیں کیا۔چیف جسٹس نے کہاکہ سٹیٹ کونسل سی سی ٹی وی فوٹیج نکال لیں اور پیش کریں، وکیل نے استدعا کی کہ ہمیں لگتا ہے کہ لاپتہ آصف پولیس کے پاس ہے عدالت پیش کرنے کا حکم دے، سٹیٹ کونسل زوہیب گوندل نے کہاکہ آپ کو جس پر شک ہے ہمیں درخواست دے دیں، چیف جسٹس نے کہاکہ لاپتہ شہری آصف کے والد ایس پی سٹی کو درخواست دیں، ہم ایس پی سٹی کو ہدایت کردیتے ہیں وہ معاملے کو دیکھ لے گا،عدالت نے معاملہ ایس پی سٹی کو بھیجتے ہوئے سماعت اگلے ہفتے تک کیلئے ملتوی کردی۔