تاریخی ورثہ کی بحالی کیلئے مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے:سیکرٹری بلدیات
لاہور(خبرنگار)سیکرٹری بلدیات ڈاکٹر ارشاد احمد نے کہا ہے کہ حضوری باغ، سمر پیلس، اکبری گیٹ ،بھاٹی گیٹ ٹیکسالی گیٹ اور اندرون لاہور کی بحالی سیاحت کے فروغ کیلئے بہت اہم ہے۔ وہ گزشہ روز سول سیکرٹریٹ میں اے ایف ڈی مشن سے ملاقات کر رہے تھے۔ اے ایف ڈی مشن سے ملاقات کے دوران منصوبے کو سپیڈ اپ کرنے کیلئے اہم فیصلے کیے گئے۔ تاریخی ورثہ کی بحالی کیلئے لاہور سمیت محکمہ بلدیات اور والڈ سٹی کے زیر انتظام مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے اور اب اندرون لاہور میں ہیریٹیج اینڈ اربن ری جنریشن کے نام سے منصوبہ شروع کیا جا رہا ہے۔ مشن سے ملاقات میں سیکرٹری بلدیات نے کہا کہ پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کیلئے مارچ کے آخر تک بھرتیوں کا عمل مکمل کر لیا جائے گا۔ لہٰذا اس سلسلے میں الیکشن کمشن سے بیرونی امداد سے چلنے والے منصوبوں میں بھرتیوں اور ادائیگیوں کیلئے باقاعدہ طور پر اجازت لے لی گئی ہے۔ اربن ہیریٹیج منصوبے کے تحت سمر پیلس ،حضوری باغ میں ڈرینج اور الیکٹرانک سسٹم کو بہتر بنانا اور اکبری گیٹ کی مکمل بحالی شامل ہے۔ ابتدائی طور پر منصوبے پر 4ارب روپے کی لاگت آئے گی اور یہ منصوبہ جون 2027 میں مکمل ہو جائے گا۔ قبل ازیں اے ایف ڈی مشن اور والڈ سٹی کی جانب سے سیکرٹری بلدیات کو پریزینٹیشن دی گئی۔