ختم نبوت و صحابہ کرام کی ناموس و حفاظت کیلئے سر دھڑ کی باز ی لگائینگے:ہشام الٰہی ظہیر
لاہور (خصوصی نامہ نگار)تحریک دفاع اسلام و پاکستان کے چیئر مین علامہ ہشام الٰہی ظہیر نے مر کز قرآن و سنہ اسلامک سینٹر یو ای ٹی ہاؤسنگ سوسائٹی میں گزشتہ روز کہا رسول اللہؐ کی ختم نبوت و صحابہ کرام کی ناموس و حفاظت کیلئے سر دھڑ کی باز ی لگائیں گے۔ دینی مدارس، اسلامی شعائر اللہ کا تحفظ بحیثیت مسلمان ہم سب کا دینی فریضہ ہے۔ اس کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کر یں گے۔ سابقہ سلیکٹڈ حکومت نے ریاست مدینہ کا نعرہ لگا کر ملکی جڑوں کو کھوکھلا کر کے اناڑی پن کا ثبوت دیتے ہوئے ملکی معیشت کا جنازہ نکال دیا۔ پاکستان اسلام کا دیس ہے۔اس ملک میں اسلام پسندوں کی حکومت آئے گی تو ملکی معاشی نظام ترقی و کامیابی کی طرف گامزن ہو گا۔ ہمارا قوم سے مطالبہ ہے کہ ترکیہ زلزلہ زدگان کیلئے تحریک دفاع اسلام و پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہوکرامدادی سر گرمیوں کی مہم میں بھر پور حصہ لیں۔ آپ کا تعاون تحریک دفاع اسلام و پاکستان کی ٹیم ترکی قونصل جنرل اور سفیر کو براہ راست خود امداد دیں گے۔ عالم برادری کو اپنے اسلامی برادر ممالک کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرنا چاہئے۔ امت مسلمہ اپنے تعلق کو اللہ تبارک وتعالیٰ سے مضبوط کریں۔ مسلمان کثرت کے ساتھ تو بہ استغار کرکے اپنے اللہ کو راضی کریں۔ عالم اسلام کے زوال کا بڑا سبب اسلام، قرآن وسنت کی تعلیمات سے مکمل دوری اور دنیا داری کی عیش و عشرت ہے۔