الخدمت فاؤنڈیشن کی 47 رکنی سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم ریلیف آپریشن کیلئے ترکی روانہ
لاہور (خصوصی نامہ نگار) الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کی 47 رکنی سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم ترکی میں جاری ریلیف آپریشن میں حصہ لینے کیلئے روانہ ہوگئی۔ اس ٹیم میں الخدمت فاؤنڈیشن وسطی پنجاب کے صدر اکرام الحق سبحانی، الخدمت فاونڈیشن شمالی پنجاب کے صدر رضوان احمد اور الخدمت فاؤنڈیشن کراچی سے فواد شیروانی اور دیگر ذمہ داران شامل ہیں۔ یہ ٹیم ملبے میں انسانوں کی تلاش کے جدید آلات سے لیس ہے۔ الخدمت فاؤنڈیشن کا یہ مشن وزارت داخلہ ترکیہ کے ڈیزاسٹر اینڈ ایمرجنسی مینجمنٹ (اے ایف اے ڈی) کی کمان میں کام کرے گا۔ یہ اقدام اسلام آباد میں جمہوریہ ترکی کے سفارت خانے اور ترک کوآپریشن اینڈ کوآرڈینیشن ایجنسی ( ٹیکا) پاکستان کے مشورے اور تعاون سے کیا گیا ہے۔ الخدمت فاونڈیشن وسطی پنجاب کے صدر اکرام الحق سبحانی نے کہا کہ جس طرح امت مسلمہ نے ہمیشہ اہلیان پاکستان کی ہمیشہ مدد کی تو اب یہ ہمارا فرض بنتا ہے کہ آگے بڑھیں اور اپنے مسلمان بہن بھائیوں کی جتنی ممکن ہو سکے مدد کریں۔ الخدمت فاؤنڈیشن ملک اور بیرون ممالک سے ترک بہن بھائیوں کیلیے عطیات جمع کر رہی ہے۔ اور ترکیہ میں برادر تنظیموں کی مدد سے پکے پکائے کھانے، فوڈ پیکج ،گرم کپڑوں، خیموں، بستروں اور کمبلوں کی فراہمی جاری ہے۔الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان پہلے ہی اپنے ترک معاون اداروں، ترک حکام اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پاکستان کے ذریعے متاثرہ علاقوں میں امداد پہنچا رہی ہے۔