پاکستان سپر لیگ ، تیاریاں عروج ، پر قلندرز ملتان پہنچ گئے
لاہور ( سپورٹس رپورٹر) پاکستان سپر لیگ کے آٹھویں ایڈیشن کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں۔میگا ایونٹ کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب پرسوں ملتان میں ہوگی ۔ پشاور زلمی، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگز کی ٹیموں نے کراچی میں پریکٹس کی۔ملتان میں ملتان سلطانز اور لاہور میں لاہور قلندرز کی ٹیم نے خوب پریکٹس کی جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اپنی نئی کِٹ متعارف کرادی ۔پی ایس ایل کا پہلا ٹاکرا ملتان سلطانز اور دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کے درمیان ہوگا۔ پی ایس ایل 8 میں شرکت کیلئے لاہور قلندرز کا سکواڈ لاہور سے ملتان پہنچ گیا۔کپتان شاہین آفریدی اور ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز عاقب جاوید بھی سکواڈ کے ہمراہ ملتان روانہ ہوئے تھے۔کامران غلام، زمان خان اور احسن بھٹی بھی سکواڈ کے ہمراہ ملتان پہنچے۔عبداللہ شفیق اور دلبر حسین نے گزشتہ رات ملتان میں سکواڈ کو جوائن کرلیا۔فاسٹ باؤلر حارث رؤف اور فخر زمان آج ملتان پہنچیں گے۔پی ایس ایل فرنچائز کراچی کنگز کے اوپننگ بیٹر شرجیل خان نے کہا ہے کہ کراچی کنگز کے کیمپ کا اچھا آغاز ہوا ہے، ذاتی طور پر پہلے سے ہی اس ایونٹ کی تیاری کر رہا تھا۔ پہلے سے ذہن بنایا تھا کہ مجھے اس لیگ کیلئے کس طرح تیاری کرنی ہے،پاکستان کپ کے بعد کافی ٹائم ملا تھا جس میں پی ایس ایل کی تیاری کی۔ جس ٹیم سے کھیلوں، کوشش ہوتی ہے ٹیم کو اچھا سٹارٹ دوں، میچ جتواؤں، بطور اوپنر جارح مزاجی ہی میرا انداز ہے۔ کوشش ہوتی ہے کہ اچھے سٹارٹ کے بعد لمبا سکور کروں، کراچی کنگز میں سپورٹ ملتی ہے، ماحول انجوائے کر رہا ہوں، ٹی ٹونٹی میں ہر سیزن ایک جیسا نہیں ہوتا، پچھلے سیزن کی شکست کو بھول کر نیا سیزن اچھا کھیلیں گے۔ میں فینز سے کہوں گا کہ کراچی کنگز کو ہمیشہ کی طرح سپورٹ کریں۔