• news

ایف آئی اے نے شوکت ترین کی گرفتاری کیلئے اجاز مانگ لی ، شہباز گل کی درخواست ضمانت مسترد


اسلام آباد (نمائندہ خصوصی +نوائے وقت رپورٹ) وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے آڈیو لیک کیس میں شوکت ترین کو گرفتار کرنیکا فیصلہ کرلیا۔ ایف آئی اے نے سابق وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین کے حوالے سے تحقیقات مکمل کر لیں۔ ذرائع کے مطابق شوکت ترین کو آئندہ چند دنوں میں گرفتار کیا جا سکتا ہے۔ ایف آئی اے حکام نے وزارت داخلہ کو شوکت ترین کے خلاف انکوائری مکمل ہونے اور مزید کارروائی کے لیے مکتوب لکھ دیا اور شوکت ترین کی آئی ایم ایف کے حوالے سے آڈیو سامنے آئی تھی۔ ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ تحریک انصاف کے سابق وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین اور صوبائی وزیر خزانہ تیمور جھگڑا کے مابین ٹیلی فونک گفتگو اور وفاقی حکومت و آئی ایم ایف کے مابین مسائل پیدا کرنے کی کوشش کے معاملے کی تحقیقات کر رہا ہے۔ ایف آئی اے نے وزارت داخلہ کو خط میں شوکت ترین کی گرفتاری کی اجازت مانگی ہے۔ مزید براں  اداروں کو بغاوت پر اکسانے کے کیس میں رہنما پاکستان تحریک انصاف شہباز گل کی بریت کی درخواست مسترد کر دی گئی۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز کورٹ اسلام آباد میں اداروں کے خلاف بغاوت پر اکسانے کے کیس میں پی ٹی آئی رہنما شہباز گِل کے خلاف فردِ جرم عائد ہونے سے متعلق سماعت ہوئی،شہباز گِل کے وکیل اور سپیشل پراسیکیوٹر عدالت میں پیش ہوئے۔ ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس سپرا نے رہنما پی ٹی آئی شہباز گل کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ان پر فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کیا۔ عدالت نے کہا کہ شہباز گل پر فرد جرم 27 فروری کو عائد کی جائے گی۔ یاد رہے کہ شہباز گل پر اداروں کے سربراہان کے خلاف اکسانے کے متعدد مقدمات درج ہیں اور وہ ضمانت پر رہا ہیں۔دریں اثنا لاہور ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست سماعت کیلئے منعقد کر دی گئی۔ جسٹس مزمل اختر بشیر 13 فروری کو شہباز گل کی درخواست پر سماعت کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن